اساتذہ تنظیم کے قائدین کی ایم اے شکور ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی سے نمائندگی
نارائن پیٹ 16 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ارو مدارس کو جدید ٹکنالوجی سے مربوط کرنے کیلئے سرکاری اردومیڈیم مدارس کو کمپیوٹر اردو اکیڈیمی کی جانب سے فراہم کئے جائیں جناب روف حسام الدین ریاستی سکریٹری اسٹیٹ اردو ٹیچرس اسو سی ایشن سوٹا اور جناب محمد اسمعیل ضلعی سکریٹری آئیٹا نے جناب ایم اے شکور ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی سے ان کے دفتر میں ملاقات کر کے نمائندگی کی ۔ اساتذہ قائدین پر تجویز پر مثبت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے جناب ایم اے شکور ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی نے کہا کہ اس تجویز کو حکومت کے سامنے رکھا جائے گا۔ جناب روف حسام الدین ریاستی سکریٹری سوٹا اور محمد اسمعیل ضلع سکریٹری آئیٹا نے اردو اکیڈیمی کی جانب سے ریاست کے سرکاری اردو مدارس کو انفراسٹرکچر کے حصول کیلئے رقمی امداد تحتانیہ وسطانیہ مدراس کو 20 ہزار روپئے اور فوقانیہ مدارس کو 25 ہزار روپئے فراہم کئے جانے پر شکر یہ ادا کیا اور بتایا کہ اردو کے فروغ و ترویج کیلئے اردو میڈیم کے سرکاری مدارس کی ترقی نہایت ضروری ہے۔ اساتذہ و قائدین نے اردو اکیڈیمی کی جانب سے سرکاری مدارس کو انفراسٹرکچر اور سائنسی تدریسی آلات خریدنے کیلئے رقمی امداد کاجو قدم اٹھایا ہے
اس سے اردو مدارس کو تقویت حاصل ہوگی ۔ سوٹا قائد روف حسام الدین نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اردو اکیڈیمی کی جانب سے بچوں کا رسالہ ماہنامہ شائع کیا جائے اور اس رسالہ کی ریاست کے تمام سرکاری مدارس کوسربراہی عمل میں لائی جائے اس طرح بچوں کو ادب اور زبان سے دلچپسی پیدا ہوگی۔ اعلی تعلیم کو بھی اردو زبان میں فراہم کرنے کیلئے یونیورسٹیوں کو توجہ دلائی جائے ۔ طب اور انجینئرنگ کی تعلیم کو اردو ذریعہ تعلیم کے ذریعہ جوڑنے کی کوشش کی جائے۔ مسابقتی امتحانات کو اردو زبان میں بھی منعقد کروانے کی کوشش ہوتو اردو کا فروغ ممکن ہے۔