اردو مدارس میں داخلہ کے لئے ہورڈنگ کے ذریعہ ترغیب

بیدر:10مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) شہر بیدر میں چوبارہ اور جامع مسجد کے قریب ایک بڑی ہورڈنگ لگائی گئی ہے جس پر اردو اسکولوں میں داخلہ لینے کی ترغیب دارالخیریونانی دواخانہ ، یارانِ ادب، بزمِ غزالاں ، ایس کے ایف ٹریڈرس، مولانا ابولکلام آزاد یووک سنگھ ، ترقی وترویجِ اردو اور این آرآئیز اردو کیڈمی نے دلائی ہے۔ اور کہاہے مادری زبان اردو سے تعلیم بچہ کی تخلیقی صلاحیتوں اور ذہنی نشوونما کی ضامن ہوتی ہے اردو میڈیم اسکولوں میں داخلوں اور تعلیم سے طلبہ وطالبات اپنے مذہب، تہذیب وثقافت ، اپنی زبان اور وراثت سے جڑے رہتے ہیں۔ مذکورہ تنظیموں نے اولیائے طلباسے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو اردو اسکولوں سے تعلیم دلانے کااظہار فخریہ کریں ۔ اس موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے محمدیوسف رحیم بیدری جنرل سکریڑی یاران ادب بیدر نے کہاکہ ہم اس بات کے لئے کوشاں ہیں کہ اردو پڑھانے والے والدین کے دلوں سے اردو سے متعلق احساسِ کمتری نکل جائے ۔شہر میں انگریزی اسکولوں کی تشہیر ہورہی ہے لیکن اردو اسکولس ہمیشہ کی طرح خامو ش ہیں ۔ ہم اس خاموشی کو توڑنا چاہتے ہیں اور اس کے لئے یہ قدم اٹھایا گیاہے۔آئندہ بھی اس طرح کی جدت شہر میں ہوتی رہے گی ۔