نارائن پیٹ میں تہنیتی تقریب کے موقع پر رکن اسمبلی ایس راجندر ریڈی کااظہار خیال
نارائن پیٹ 16؍ ڈسمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) اُردو جرنلسٹ اسوسی ایشن نارائن پیٹ کی جانب سے نو منتخبہ رکن اسمبلی مسٹر ایس راجندر ریڈی کی انتخابات میں شاندار کامیابی اور نارائن پیٹ کو ضلع بنانے کے لئے چیف منسٹر سے کی گئی کامیاب نمائندگی پر انہیں ان کے کیمپ آفس پر تہنیت پیش کرتے ہوئے گلپوشی و شال پوشی کی گئی ۔ اس موقع پر رکن اسمبلی مسٹر ایس راجندر ریڈی نے اردو صحافیوں کے مسائل کے یکسوئی کا تیقن دیا اور اردو صحافت کا اور تمام مسلمانوں کا شکریہ ادا کیا کہ جنہوں نے ان کی شاندار کامیابی میں بہت اہم رول ادا کیا ہے ۔ انہو ں نے اس عزم کا بھی اظہار کیاکہ وہ ہمیشہ اقلیتوں کے ساتھ ہیں اور ان کے مسائل کی یکسوئی کے لئے کمر بستہ رہیں گے ۔ اس موقع پر اردو جرنلسٹ اسوسی ایشن نارائن پیٹ کے سرپرست جناب عثمان عبید اللہ مجاہد صدیقی صدر اسوسی ایشن ‘ برادر ارشد فیصل کے علاوہ اسوسی ایشن کے ذمہ داران جناب محمد ظہیرالدین صوفی ‘ حافظ محمد تقی‘ محمد حسین ‘ حافظ حسن الدین ‘ محمد مزمل صوفی ‘ عبدالرحیم‘ شیواکمار شارلی و دیگر موجود تھے ۔