اردو آفیسرس کی 57 جائیدادوں پر تقررات کا عمل مکمل

پوسٹنگ کے احکامات حوالے، پیر سے رجوع بکار ، گریڈ I کیلئے 3اور 4 جولائی کو انٹرویو
حیدرآباد۔/30جون، ( سیاست نیوز) محکمہ اقلیتی بہبود میں گریڈ II کی 60 کے منجملہ 57 جائیدادوں کیلئے تقررات کا عمل آج شام مکمل ہوگیا۔ تمام منتخب امیدواروں کے دستاویزات کی جانچ کے بعد 57 امیدواروں کو تقررات اور پوسٹنگ کے احکامات حوالے کردیئے گئے۔ پیر سے یہ اردو آفیسرس اپنے الاٹ کردہ دفاتر میں رجوع بکار ہوجائیں گے۔2 امیدوار ایسے ہیں جن کے دستاویزات میں بعض خامیاں رہ گئیں لہذا انہیں دستاویزات پیش کرنے کیلئے مہلت دی گئی جبکہ ایک خاتون امیدوار جوائن کرنا نہیں چاہتیں کیونکہ وہ پہلے ہی سے دوسرے سرکاری محکمہ میں برسر خدمت ہیں۔ گریڈ II کے منتخب امیدواروں کو سرٹیفکیٹ ویریفکیشن کیلئے آج طلب کیا گیا تھا۔ سکریٹری اقلیتی بہبود دانا کشور، ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم، سکریٹری اقامتی اسکول سوسائٹی بی شفیع اللہ اور سکریٹری ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی پروفیسر ایس اے شکور کی نگرانی میں اسنادات کی جانچ کا کام مکمل کیا گیا۔ امیدواروں سے پوسٹنگ کے سلسلہ میں ترجیحات حاصل کی گئیں اس کے مطابق پوسٹنگ کی گئی۔ پیر کے دن منتخب امیدواراپنے الاٹ کردہ دفاتر پہنچ کر تقرر سے متعلق احکامات حوالے کریں گے اور وہ ان کے کام کا پہلا دن ہوگا۔ جس خاتون امیدوار نے جوائن کرنے سے احتراز کیا ان کی مخلوعہ جائیداد کیلئے اسی زمرہ سے امیدوار کا انتخاب کیا جائیگا۔ مذکورہ خاتون معذورین کے زمرہ میں منتخب ہوئی تھیں۔ اگر کوئی اور معذور امیدوار دستیاب نہ ہو تو اس نشست کو خواتین کے زمرہ سے پُر کیا جائیگا۔ بتایا جاتا ہے کہ فرسٹ میرٹ امیدوار نے چیف منسٹر دفتر کا آپشن رکھا جو قبول کرلیا گیا۔ ڈپٹی چیف منسٹرس محمود علی، کڈیم سری ہری کے علاوہ دیگر وزراء، اسپیکر اسمبلی، صدر نشین قانون ساز کونسل، ضلع کلکٹرس، ڈائرکٹر جنرل پولیس، کمشنر پولیس اور دیگر دفاتر کیلئے بھی اردو آفیسرس کا الاٹمنٹ مکمل ہوچکا ہے۔ گریڈ I کی 6 جائیدادوں کیلئے26 امیدواروں کو انٹرویو کیلئے طلب کیا گیا۔ 3 جولائی کو 1-13 اور 4 جولائی کو 14-26 سیریل کے امیدواروں کا انٹرویو ہوگا۔ گریڈ I میں معذورین کے زمرہ سے ایک امیدوار کا انتخاب پہلے ہی مکمل ہوچکا ہے۔ اب 5 عہدوں کیلئے 26 امیدواروں کا انٹرویو لیا جائیگا۔ 6 امیدوار ایسے ہیں جو دونوں زمروں میں منتخب ہوئے ہیں اور انہوں نے سردست گریڈII کی پوسٹنگ کو قبول کرلیا ہے۔ اگر ان میں سے کوئی گریڈ I کیلئے بھی منتخب قرار پائے تو گریڈ II کی مخلوعہ نشست پر میرٹ اور اسی زمرہ کی بنیاد پر تقرر عمل میں آئے گا۔