پائلٹ زندہ بچ گیا، یمن میں متحدہ عرب امارات کا سپاہی ہلاک
ریاض ۔ 24 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) اردن کا ایک ایف ۔ 16 جنگی طیارہ آج سعودی عرب میں تباہ ہوگیا لیکن اس کا پائلٹ زندہ بچ گیا۔ پڑوسی ملک یمن میں شیعہ حوثی باغیوں کے خلاف سعودی عرب کی زیرقیادت لڑنے والیعرب اتحاد نے اس حادثہ کی توثیق کی ہے۔ عرب فوجی اتحاد کے ترجمان نے کہا کہ ’’تکنیکی وجوہات کی بناء پر یہ امریکی ساختہ جنگی طیارہ یمنی سرحد کے قریب سعودی عرب کے صوبہ نجران میں پیش آئے ایک حادثہ میں تباہ ہوگیا۔ تاہم پائلٹ زندہ بچ گیا جس کی حالت مستحکم ہے۔ اس دوران باغیوں کے ٹیلیویژن ویب سائٹ المیرہ نے دعویٰ کیا کہ ’’طیارہ شکنی دفاعی نظام‘‘ کی طرف سے اس جنگی طیارہ کو مار گرایا گیا ہے ۔ دریں اثناء متحدہ عرب امارات نے اعلان کیا کہ یمن میں لڑنے والے عرب اتحاد میں شامل اس کا ایک سپاہی مارا گیا ہے۔ اس طرح رواں ہفتہ کے دوران یمن میں ہلاک ہونے والے اماراتی سپاہیوں کی تعداد دو ہوگئی ہے۔