دبئی۔24 اکتوبر۔(سیاست ڈاٹ کام) اردن میں حکام نے اعلان کیا ہے کہ انٹلیجنس کے انسداد دہشت گردی سے تعلق رکھنے والے ریٹائرڈ جنرل حابس الحنائنہ کے قاتل کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔اردن میں پبلک سکیورٹی کے ڈائریکٹریٹ کے میڈیا ترجمان کے مطابق متعلقہ معلومات جمع کرنے اور عینی شاہدین کے ذریعے مشتبہ مجرم کی شناخت کا تعین کرنے کے بعد قاتل کی گرفتاری عمل میں آ گئی۔ترجمان نے بتایا کہ ’’تحقیقات کے دوران قاتل نے اعتراف کیا کہ اُس نے طویل عرصے سے الحنائنہ کے قتل کی منصوبہ بندی کی تھی۔قاتل یہ سمجھتا ہے کہ 2005 ء میں روس میں موجودگی کے دوران اُِ کی گرفتاری کے پیچھے الحنائنہ کا ہاتھ تھا ۔
مغویہ جاپانی صحافی 3 برس بعد رہا
دبئی۔24 اکتوبر۔(سیاست ڈاٹ کام) شام میں کئی برس قبل تحریر الشام (سابقہ النصرہ فرنٹ) کے ہاتھوں اغوا کئے گئے جاپانی صحافی ’’جومبے یاسودا‘‘ کو رہا کر دیا گیا ہے۔ یہ بات شام میں انسانی حقوق کے نگراں گروپ المرصد نے منگل کی شب بتائی۔المرصد کے مطابق یاسودا کو اغوا کاروں نے 2015ء میں ادلب صوبے کے مغربی دیہی علاقے میں یرغمال بنایا ہوا تھا۔ النصرہ فرنٹ نے یاسودا کو خربہ الجوز کے علاقے میں ترک حکام کے مقرّب ایک غیر شامی عسکری گروپ کے حوالے کیا جس کے بعد جاپانی صحافی کی رہائی عمل میں آئی۔المرصد نے باوثوق ذرائع سے بتایا ہے کہ رہائی کی معاملت قطر کی جانب سے النصرہ فرنٹ کو بھاری رقم کی ادائیگی کے نتیجے میں ممکن ہوئی ہے۔