ارجیت پٹیل سے استعفیٰ طلب نہیں کیا گیا تھا : جیٹلی

نئی دہلی 18 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیر فینانس ارون جیٹلی نے آج کہاکہ حکومت نے بعض شعبوں میں نقد سرمایہ کے مسائل سے نمٹنے پیدا شدہ اختلافات پر ارجیت پٹیل سے ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کے گورنر کے عہدہ سے استعفیٰ کبھی بھی طلب نہیں کیا تھا۔ ایجنڈہ آج تک سے خطاب کرتے ہوئے اُنھوں نے کہاکہ حکومت کو آر بی آئی کے محفوظ سرمایہ سے ایک پائی کی بھی ضرورت نہیں ہے۔ آر بی آئی گورنر کے عہدہ سے ارجیت پٹیل کے اچانک اور حیرت انگیز استعفیٰ پر کی جانے والی تنقیدوں کا جواب دیتے ہوئے جیٹلی نے کہاکہ اس مرکزی بینک کے محفوظ سرمایہ جیسے مسائل پر آر بی آئی بورڈ کے اجلاس میں خوشگوار و دوستانہ تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔ ’حکومت نے استعفیٰ کیلئے کبھی بھی نہیں کہا تھا‘۔ ارجیت پٹیل کے استعفیٰ کے بعد حکومت نے ایک سابق اعلیٰ سرکاری افسر شکتی کانتا داس کو آر بی آئی کا نیا گورنر مقرر کیا ہے۔