براسیلیا۔ 4 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ارجنٹینا پھر ایک مرتبہ اپنے اسٹار کھلاڑی لیونل میسی پر انحصار کرے گی جیسا کہ کل وہ یہاں اپنے کوارٹر فائنل مقابلہ میں بیلجیم کے خلاف اس مرحلہ کی ناکامیوں کے سلسلہ کو توڑنے کی خواہاں ہوگی۔ کامیابی کا مرکز ارجنٹینا کا قطعی 4 ٹیموں میں شمار ہوجائے گا جہاں وہ سیمی فائنل میں ہالینڈ یا کوسٹاریکا سے مقابلہ کرے گی اور یہ 1986ء کے بعد دوسری مرتبہ ہوگا کہ ارجنٹینا کی ٹیم سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرے گی اور اس مرتبہ بھی ارجنٹینا نے بیلجیم کو شکست دے کر قطعی 4 ٹیموں میں اپنا مقام بنایا تھا۔ توقعات کے مطابق نہ سہی لیکن اب تک کے چاروں مقابلوں میں ارجنٹینا نے کامیابی حاصل کی ہے اور ان فتوحات میں میسی کا اہم کردار رہا ہے۔ میسی نے 4 مقابلوں میں 3 گول اسکور کئے ہیں جیسا کہ ناک آوٹ مرحلہ میں سوئٹزرلینڈ کے خلاف اضافی وقت میں جو مظاہرہ انہوں نے کیا وہ واضح کرتا ہیکہ یہی وہ کھلاڑی ہے جوکہ دونوں ٹیموں کے درمیان فرخ پیدا کرسکتا ہے۔ میسی کے متعلق ڈیگو میراڈونا نے ٹیم کے کوچ الیزیندرو سبیلا کو انتباہ دیا ہیکہ وہ ٹیم کے باصلاحیت کھلاڑی پر کامیابی کیلئے حد سے زیادہ بوجھ نہ ڈالیں کیونکہ اس کے منفی نتائج بھی حاصل ہوسکتے ہیں۔ ورلڈ کپ میں ارجنٹینا کے متعلق امید کی جارہی تھی کہ اس کے لئے شاندار 4 کھلاڑی جوکہ اٹیکرس ہیں، بہتر مظاہرہ کریں گے لیکن صرف میسی نے ہی تاحال امیدوں کے مطابق مظاہرے کئے ہیں
جبکہ دیگر تین کھلاڑیوں میں سرجیو اگیرو زخمی ہیں اور ان کا کل بیلجیم کے خلاف کھیلے جانے والے مقابلہ میں ایکشن میں نظرآنا غیریقینی صورتحال کا شکار ہے۔ دریں اثناء گونزالو ہیگ یوان نے برازیل میں ابھی اپنا پہلا گول نہیں بنایا ہے جبکہ سوئٹزرلینڈ کے خلاف اینجل ڈی ماریا نے ٹیم کو کامیابی دلوائی ہے۔ تاہم وہ بھی توقعات کے مطابق مظاہرہ کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ دوسری جانب بیلجیم کسی بھی کھلاڑی پر انحصار نہیں کررہی ہے اور اس کیلئے کوارٹر فائنل مقابلہ اس لئے بھی آسان دکھائی دے رہا ہے کیونکہ ارجنٹینا کا زیادہ تر انحصار میسی پر ہی ہے۔ بیلجیم کیلئے ٹورنمنٹ میں ابھرتے نوجوان کھلاڑیوں کے مظاہرے کافی خوش آئند ہے۔
1986ء میں جہاں بیلجیم کو انزوسیکیفو کا تیز رفتار مظاہرہ دستیاب تھا تو رواں ورلڈ کپ میں 23 سالہ ایڈن ہزالڈ موجود ہیں تاہم برازیل میں یہ اپنی مکمل صلاحیتوں کے مطابق مظاہرہ کرنے میں ناکام ہیں۔ ایک دوسرے کوارٹر فائنل مقابلہ میں ورلڈ میں سب سے حیران کن نتائج فراہم کرنے والی کوسٹاریکا کا مقابلہ ہالینڈ سے ہوگا۔ ورلڈ کپ کے آغاز سے قبل کسی نے بھی یہ نہیں سوچا تھا کہ مرکزی امریکہ سے تعلق رکھنے والی ایک چھوٹی سی ٹیم کوسٹاریکا اپنے گروپ جس میں سابق چمپیئن اٹلی، انگلینڈ اور یوروگوائے کی موجودگی نے آئندہ مرحلہ میں رسائی حاصل کرپائے گی لیکن اس نے اٹلی اور یوروگوائے کو شکست دینے کے علاوہ 10 کھلاڑیوں سے بھی مقابلہ میں کامیابی حاصل کی ہے۔ کوسٹاریکا نے ورلڈ کپ میں اپنے ریکارڈ کو پہلے ہی بہتر کرلیا ہے جیسا کہ آخری مرتبہ 1990ء میں اس ٹیم نے قطعی 16 ٹیموں کے مرحلہ میں رسائی حاصل کی تھی تاہم اس مرتبہ اس نے اپنے ریکارڈ کو مزید بہتر بناتے ہوئے کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کرلی ہے۔ دوسری جانب ہالینڈ نے قطعی 16 ٹیموں کے مقابلہ میں میکسیکو کو 2-1 سے شکست دیکر یہاں پہنچی ہے۔