دی ہیگ۔ 10؍جون (سیاست ڈاٹ کام)۔ ارجنٹینا نے آج تاریخ ساز کامیابی حاصل کرتے ہوئے مرد زمرہ میں ہاکی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے، جیسا کہ آج یہاں کیوسیرا اسٹیڈیم میں منعقدہ کوارٹر فائنل مقابلوں میں اس نے جنوبی افریقہ کو 5-1 سے شکست دی۔ ارجنٹینا نے 5 مقابلوں میں چوتھی کامیابی حاصل کرلی ہے اور اس طرح اس کے مجموعی نشانات کی تعداد 12 ہوچکی ہے جس کے بعد اولمپک چمپئن جرمنی سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوچکی ہے۔ جرمنی آخری مقابلہ جنوبی کوریا سے ہوگا جس نے 4 مقابلوں میں شرکت کے بعد 6 نشانات حاصل کئے ہیں۔ جنوبی کوریا کو ارجنٹینا اور نیدرلینڈس کے خلاف بھی ناکامی برداشت کرنی پڑی ہے۔
گروپ بی سے میزبان نیدرلینڈ ایسی پہلی ٹیم بنی جس نے متواتر 4 فتوحات حاصل کرتے ہوئے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ ورلڈ کپ تاریخ مے یہ دوسرا ایسا موقع ہے کہ جب جرمنی کی ٹیم سیمی فائنل مرحلہ میں رسائی حاصل نہیں کرپائی ہے، کیونکہ جب 1971ء میں افتتاحی ورلڈ کپ کینا میں کھیلا گیا تھا، اس موقع پر جرمنی سیمی فائنل میں رسائی حاصل نہیں کرپائی تھی۔ ارجنٹینا کی ٹیم جوکہ ہاکی کے عالمی درجہ بندی میں 11 ویں مقام پر فائز ہے، لیکن اس نے شاندار مظاہروں کے سلسلہ کو جاری رکھتے ہوئے پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی ہے۔ آج کی کامیابی میں گنزاگو ٹیلاٹ اور لوکاس ولا نے فی کس 2 گول اسکور کئے جب کہ مقابلہ کے 20 ویں منٹ میں ہی جیکون مینانی نے فاتح ٹیم کے لئے گول کا آغاز کیا۔ جنوبی افریقہ کے لئے مقابلہ کا واحد گول کلنٹن پینتھر نے کیا، لیکن ارجنٹینا نے وہ مظاہرہ کیا جس کی بدولت سیمی فائنل میں اس کی تاریخ ساز رسائی یقینی ہوچکی ہے۔ ارجنٹینا کا ورلڈ کپ میں آخری مرتبہ بہترین مظاہرہ 1986ء اور 2002ء میں چھٹا مقام حاصل کرنا ہے۔
سمدیو کو پھر پہلے ہی راؤنڈ میں شکست
لندن۔ 10؍جون (سیاست ڈاٹ کام)۔ ٹینس اسٹار سمدیو دیورمن کے ناقص مظاہروں کا سلسلہ ہنوز جاری ہے، جیسا کہ چوتھی مرتبہ انھیں پہلے ہی راؤنڈ میں شکست برداشت کرنی پڑی ہے۔ یہاں اے ٹی پی ایگن چمپئن شپ کے پہلے راؤنڈ میں سمدیو کو کینی ڈی اسکیپر کیخلاف 4-6، 5-7 کی شکست برداشت کرنی پڑی۔ ایک گھنٹہ 15 منٹ طویل اس مقابلہ میں ناکامی سے پہلے ہی سمدیو ٹاپ 100 سے باہر ہوچکے ہیں۔