کتھلاپور۔27فبروری( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جناب کرشنا بھاسکر سب کلکٹر جگتیال نے بروز چہارشنبہ میڈپلی منڈل کلواکوٹ گاؤں کا دورہ کیا ۔ انہوں نے عہدیداروں کو عوام کی جانب سے اراضی کے مسائل کے تعلق سے دی جانے والی یادداشت کی فوری یکسوئی کرنے کی ہدایت دی ۔ اراضی کے مسائل پر دی جانے والی درخواستوں کی یکسوئی کے سلسلہ میں کلواکوٹ کو آنے والے سب کلکٹر نے مختلف اراضی کے مسائل کے تعلق سے معلومات حاصل کیں ۔ متعلقہ پٹہ داروں کا بیان قلم بند کیا ‘ مسائل کی یکسوئی کے سلسلہ میں ہر ممکنہ کوشش کرنے کا تیقن دیا ۔ اراضی کی تقسیم پروگرام کے تحت حکومت کی جانب سے خریدی جانے والی اراضی کا جائزہ لیا ۔ بعد ازاں گووند رام گاؤں میں ای کے پی گودام کی تعمیر کے سلسلہ میں مختص کردہ حکومت کی اراضی کا جائزہ لیا ۔ بھیماورم میں می سیوا مرکز کا معائنہ کیا لیکن می سیوا کے بند رہنے کے سبب واپس ہوگئے ۔ سب کلکٹر کے ساتھ تحصیلدار مسٹر وسنت آر ای بھومیا ‘ وی آر او ومیش ‘ وجئے پرساد موجود تھے ۔