حیدرآباد ۔ 27 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : خاندانی اراضی تنازعہ میں چاقو زنی کی واردات سے آج ایس آر نگر پولیس حدود میں سنسنی پھیل گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ مبینہ طور پر غلام مصطفی کے حملہ میں اس کا پھوپی زاد بھائی قدوس شدید زخمی ہوگیا ۔ انسپکٹر ایس آر نگر محمد وحید الدین کے مطابق 21 سالہ غلام مصطفی خاں کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور قدوس جس کی عمر تقریبا 24 سال ہاسپٹل میں زیر علاج ہے ۔ غلام مصطفی خاں کے والد فیروز خاں جو ایس آر ٹی کوارٹرس میں مقیم ہیں ان کی بہن کے درمیان اراضی کا تنازعہ چل رہا ہے ۔ آج جب قدوس اپنے مکان سے باہر نکلا تب غلام مصطفی خاں نے اس پر ترکاری کاٹنے کی چاقو سے حملہ کردیا اور متعدد وار کیے جس کے سبب قدوس شدید زخمی ہوگیا ۔ جس کو فوری طور پر ہاسپٹل منتقل کیا گیا ۔ پولیس نے ملزم کو حراست میں لے لیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔۔