آئیفو 12 اپریل (سیاست ڈاٹ کام)ہندوستان نے آج ٹیم اسپرٹ کا بہترین مظاہرہ کرتے ہوئے پینالٹی شوٹ آوٹ میں کوریا کو 4-1 سے ہرایا جبکہ مقررہ وقت تک دونوں ٹیمیں 2-2 سے مساوی پر تھیں۔ اس کے ساتھ ہی 24 ویں سلطان اذلان شاہ کپ ہاکی ٹورنمنٹ میں ہندوستانی ٹیم تیسرے مقام پر رہی ۔ یہ کامیابی ٹیم کیلئے اس لئے بھی ضروری تھی کہ اس وقت وہ ایک تبدیلی کے مرحلے سے گذر رہی ہے کیونکہ نئے کوچ پال وین ایس نے اپنی ذمہ داری سنبھال لی ہے اس کامیابی سے ٹیم کا حوصلہ کافی بڑھ سکتا ہے ۔ سلطان اذلان شاہ کپ ٹورنمنٹ میں ہندوستانی ٹیم کیلئے تیسرا مقام کوچ کیلئے بھی ایک بہتر شروعات ہوسکتی ہے ۔ اس سے پہلے ہندوستانی ٹیم نے لیگ مراحل میںکوریا کے ساتھ میچ کو 1-1 سے ڈرا کیا تھا۔ یہ کامیابی ایسے وقت ملی جبکہ ورلڈ چیمپئن اور ٹائٹل کا دفاع کررہی آسٹریلیا نے کل ہندوستان کے خلاف 4-2 سے کامیابی حاصل کی تھی ۔ ہندوستان نے آج دونوں گولس فیلڈ اسٹرائکس کے ذریعہ کئے ۔ گذشتہ میچ کے ہیٹرک کھلاڑی نکن تھمیا نے 10 ویں منٹ میں اور ستبیر سنگھ نے 22 ویں منٹ میں گول کیا ۔ کوریا کے یوہوشک نے 20 ویں اور نیام ہنیو نے 29 ویں منٹ میں پینالٹی کانرس کو گول میں تبدیل کیا ۔