اذلان شاہ کپ‘ ہندوستان کا آج کوریا سے مقابلہ

ایپوہ ۔4اپریل ( سیاست ڈاٹ کام) ایشین گیمس میں ہاکی چمپئن ہندوستانی ٹیم جو آئندہ ریو اولمپکس میں اپنے مقام کو یقینی بناچکی ہے ‘ 24ویں اذلان شاہ کپ ہاکی ٹورنمنٹ کے ساتھ اولمپکس کیلئے اپنی تیاریوں کا آغاز کرے گی ۔ جب اتوار کو اس کا پہلا مقابلہ کوریا سے ہوگا ۔ ایشین گیمس میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والی ہندوستانی ہاکی ٹیم اولمپکس کیلئے پہلے ہی کوالیفائی ہوچکی ہے اور اذلان شاہ کپ مقابلوں کو وہ اپنے نوجوان کھلاڑیوں کو تربیت کیلئے تجربہ گاہ کے طور پر استعمال کرے گی ۔قومی کمیٹی اور ٹیم انتظامیہ نے سردار سنگھ کی قیادت میں ممکنہ حد تک طاقتور ٹیم بناتے ہوئے کامیابی کیلئے ارادوں کو واضح کردیا ہے ۔ہندوستان نے اپنے 18رکنی اسکواڈ کو طاقتور بنانے کیلئے ڈسمبر کے دوران بھوبنیشور میں منعقدہ چمپئن ٹروفی کیلئے کھیلنے والی ٹیم میں صرف تین تبدیلیاں کی ہے ۔ مڈفیلڈر دانش مجتبیٰ ‘ اسٹرائیکر للت اپادھیائے اور ڈیفنڈر گرجندر سنگھ اس ٹیم میں شامل نہیں رہیں گے ‘ جن کے بجائے مڈفیلڈر چنگلنسانا سنگھ ‘ ستبیر سنگھ اور مندیپ سنگھ شامل کئے گئے ہیں ۔