اذلان شاہ کپ، ہندوستان کو آج آسٹریلیا سے سخت مقابلہ

ایپوہ ۔ 10 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ملائیشیاء میں جاری 24 ویں اذلان شاہ کپ کے ایک مقابلہ میں ہندوستانی ہاکی ٹیم کا مقابلہ آسٹریلیا سے ہوگا۔ ہندوستانی ٹیم کو اگرچہ اپنی کارکردگی میں قدرے بہتری پر فخر ضرور ہے لیکن عالمی چمپیئن (آسٹریلیا) کے خلاف کامیابی حاصل کرنا آسان بھی نہیں ہوگا۔ اذلان شاہ کپ، ہندوستانی ٹیم کے نئے کوچ وان ایس کی اس عہدہ پر پہلی مہم جوئی ہی نہیں ہے بلکہ آئندہ سال منعقد شدنی ریو اولمپکس کیلئے ہندوستانی ٹیم کی تیاریوں کا پیش خیمہ بھی ہے لیکن اب تک کے تمام مظاہروں سے یہ واضح ہوگیا ہیکہ اولمپک میں مسابقی قوت بننے کیلئے ہندوستانی ہاکی ٹیم کو مزید بہت کچھ کرنا ہوگا۔ گذشتہ سال منعقدہ انچیون ایشیائی کھیلوں میں گولڈ میڈل حاصل کرتے ہوئے ہندوستانی ٹیم نے اولمپک تک رسائی حاصل کی ہے۔ ہندوستانی ٹیم ایک میچ میں کمزور کامیابی کے ساتھ صرف چار پوائنٹس حاصل کی ہے اور چار میچوں میں ایک میچ ڈرا بھی ہوا۔ اس طرح ہندوستانی ٹیم خطابی مقابلہ سے باہر ہوچکی ہے لیکن آسٹریلیا اب تک کے تمام چار میچوں میں کامیابی کے ساتھ فائنل میں اپنی جگہ بنا چکا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان گذشتہ مقابلہ میں آسٹریلیا نے ہندوستان کو 2-1 سے شکست دی تھی اور کل کا میچ ہندوستان کو اپنی شکتس کا انتقام لینے کا موقع فراہم کرسکتا ہے۔ تاہم رواں ٹورنمنٹ میں ہندوستان کا مظاہرہ دیکھتے ہوئے کامیابی کو ایک خواب ہی کہا جاسکتا ہے۔