آئپوہ (ملائیشیا) ، 9 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) خطابی مقابلے کی دوڑ سے پہلے ہی خارج ہوچکے ہندوستان نے مسلسل غیرمعیاری مظاہرے کے بعد کمتر درجے کے حامل کناڈا کو 5-3 سے کسی طرح شکست دے کر جاریہ 24 ویں سلطان اذلان شاہ کپ ہاکی ٹورنمنٹ میں آج یہاں اپنی پہلی جیت درج کرائی ہے۔ روپندر پال سنگھ (13 واں منٹ) اور وی آر رگھوناتھ (32) نے پنالٹی کارنرز کے ذریعے گول بنائے جس کے بعد رمن دیپ سنگھ (46 اور 47 ) نے دو فیلڈ گول اسکور کئے جبکہ ستبیر سنگھ (42) نے ایک اور فیلڈ گول کے ذریعے اسکور کو استحکام بخشا۔ کناڈا کیلئے جو دنیا میں ہندوستان کے 9 ویں مقام کے مقابل 15 ویں رینک کے حامل ہیں، اولیور اسکولفیلڈ (43) ، جگدیش گل (49) اور ڈیوڈ جیمسن (52) گول اسکوررز ہیں۔ حالانکہ ہندوستانی ٹیم گیند پر قبضے اور کنٹرول میں حاوی رہی، لیکن وہ متاثرکن کارکردگی سے کافی دور دکھائی دی۔