اذلان شاہ میں ہندوستان اورپاکستان کی عدم شرکت پر ملائیشیا ناراض

کراچی۔ 26 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور پاکستان کی جانب سے اذلان شاہ ہاکی ٹورنمنٹ میں شرکت نہ کرنے کے فیصلے پر ملائیشین ہاکی فیڈریشن نے سخت ناراضی کا اظہار کیا ہے اور اسے کھلاڑیوں کے علاوہ ہاکی کے مداحوں سے بھی ناانصافی قرار دیا ہے۔ ملائیشین ہاکی کنفیڈریشن کے سکریٹری عبدالعزیز نے کہا ہے کہ پاکستان نے بہت تاخیر سے اپنے فیصلے سے آگاہ کیا جس کی وجہ سے ٹورنمنٹ کے ڈرا کو تبدیل کرنا پڑا۔پاکستان اور ہندوستان کی جانب سے انکار کے بعد منتظمین کو مالی طور پر بھی نقصان کا سامنا ہے، ان ملکوں کی موجودگی میں اسپانسرس زیادہ مو ثر کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے ہاکی حکام کو ایک مکتوب روانہ گیا تھا جس میں ان سے فیصلے پر نظرثانی کی در خواست بھی کی گئی تھی لیکن ہندوستان نے اس کا مثبت جواب نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹورنمنٹ میں فرانس کی ٹیم پہلی مرتبہ حصہ لے رہی ہے اس کے علاوہ دفاعی چیمپین آسٹریلیا نے بھی اپنی ٹیم میں زیادہ تر نئے کھلاڑیوں کو موقع دیا ہے۔ واضح رہے کہ 23واں اذلان شاہ ہاکی ٹورنمنٹ13تا23 مارچ تک اپوہ میں کھیلا جائے گا۔

زیڈان کے بیٹے اینزو فرانس کی انڈر19 ٹیم کی نمائندگی کے قریب
پیرس ۔ 26 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) فرانس کی فٹ بال ٹیم کو عالمی چیمپین بنانے والے عظیم ترین کھلاڑی زین الدین زیڈان کے بیٹے اینزو بھی میدانوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے لگا ہیں۔ اینزو فرانس کی انڈر19ٹیم میں منتخب ہونے کے قریب ہیں۔ اس ضمن میں انہیں دیگر نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ ٹرائلز اور میڈیکل ٹسٹ کیلئے منتخب کرلیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ 1998 میں ورلڈ کپ میں زیڈان کی شاندار کارکردگی نے فرانس کو چیمپین بنادیا تھا۔ انہیں 2004 میں یورپین فٹ بال اسوسی ایشن نے50 سال میں یورپ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا تھا۔