پیر کی صبح سنگباری کرنے والے نوجوانوں کی شناخت، گرفتار نوجوانوں کی عدالتی تحویل
حیدرآباد 17 ستمبر (سیاست نیوز) اذان انٹرنیشنل اسکول عصمت ریزی معاملہ کے خلاف احتجاج کرنے والے 9 افراد کو پولیس گولکنڈہ نے گرفتار کرلیا۔ تاہم آج اسکول پر دوبارہ حملہ کرنے والے تین نوجوانوں کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔ انسپکٹر گولکنڈہ مسٹر منور نے بتایا کہ اذان انٹرنیشنل اسکول ٹولی چوکی میں پیش آئے عصمت ریزی واقعہ کے بعد مقامی عوام نے احتجاج کرتے ہوئے اسکول اور دیگر املاک پر سنگباری کرکے اُسے نقصان پہنچایا تھا۔ پولیس نے اِس ضمن میں 4 مختلف مقدمات درج کئے تھے اور ویڈیو گرافی کے شواہد کی بنیاد پر حکیم پیٹ ٹولی چوکی کے 28 سالہ شیخ اظہر، عزیز باغ کے 21 سالہ محمد انور خان، بڑا بازار گولکنڈہ کے 25 سالہ شیخ کلیم الدین، ارونا کالونی ٹولی چوکی کے 21 سالہ سعد خان، جمالی کنٹہ کے 20 سالہ سید توصیف احمد، سمتا کالونی کے 49 سالہ سید جلال الدین، 21 سالہ سید خضر احمد، 19 سالہ شیخ سہیل کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا اور بعدازاں اُنھیں عدالتی تحویل میں دے دیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ آج صبح 3 نوجوانوں نے اسکول پہونچ کر پھر ایک مرتبہ سنگباری کی۔ پولیس نے وہاں کے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے نوجوانوں کی گاڑی کا نمبر حاصل کرتے ہوئے اُن کی نشاندہی کی اور گرفتار کرلیا۔