ادھو ۔ راج ٹھاکرے : سیاسی دوستی کی کوشش ؟

ممبئی 27 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) مہاراشٹرا کی سیاست میں حالات کی تبدیلی کا سلسلہ جاری دکھائی دیتا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شیوسینا سربراہ ادھو ٹھاکرے نے اپنے چچا زاد بھائی راج ٹھاکرے سے فون پر رابطہ کیا ہے ۔ کہا جارہا ہے کہ ادھو نے راج ٹھاکرے کی صحت سے متعلق دریافت کرنے کیلئے فون کیا تھا ۔ تاہم معلوم ہوا ہے کہ اس کے بعد سے دونوں ٹھاکرے بھائیوں نے اپنی اپنی جانب سے ایک ایک نمائندہ کا تقرر کردیا ہے جو دونوں جماعتوں کے مابین مفاہمت کیلئے تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔ راج ٹھاکرے اپنے بھائی سے اختلافات کے بعد شیوسینا سے علیحدہ ہوگئے تھے اور انہوں نے نئی جماعت مہاراشٹرا نو نرمان سینا کا قیام عمل میں لایا تھا ۔ شیوسینا کو یہ اندیشہ ہے کہ بی جے پی ممبئی ‘ کلیان ‘ تھانے ‘ اور ڈومبی ولی بلدیات میں اس کی تائید سے دستبردار ہوجائیگی ۔ ایسی صورت میں شیوسینا کو ایم این ایس کی تائید کی ضرورت بھی ہوگی ۔ اس کے علاوہ یہ بھی قیاس کیا جارہا ہے کہ دونوں ٹھاکرے بھائیوں میں ریاست میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے بعد حالات کے مطابق اتحاد کی کوششیں بھی ہوسکتی ہیں۔