ادھو ٹھاکرے وزیراعلیٰ مہاراشٹرا کیلئے شیوسینا امیدوار

ممبئی ۔ 2 جون ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) شیوسینا کی جانب سے جاری کئے گئے ایک بیان کے مطابق صدر شیوسینا ادھو ٹھاکرے مہاراشٹرا کے وزیراعلیٰ کے عہدہ کے لئے پارٹی کے امیدوار ہوں گے ۔ شیوسینا نے اپنی حلیف جماعت بی جے پی کے سینئر لیڈر گوپی ناتھ منڈے پر بھی تنقید کی کہ موصوف مرکزی وزارت کا قلمدان حاصل کرنے کے باوجود بھی مہاراشٹرا کی وزارت اعلیٰ کی کرسی پر نظر جمائے ہوئے ہیں۔ شیوسینا ترجمان سنجے راوت نے کہاکہ بی جے پی کے ساتھ ہماری یہ بات پہلے ہی طے ہوگئی تھی تاکہ وزارت عظمیٰ کا امیدوار بی جے پی سے ہوگا جبکہ وزارت اعلیٰ کا امیدوار شیوسینا سے ۔

لہذا پارٹی کے تمام کیڈرس یہی چاہتے ہیں کہ ادھوجی وزارت اعلیٰ کے عہدہ پر فائز ہوں بشرطیکہ بی جے پی ۔ شیوسینا اتحاد کو کامیابی ملے اور وہ برسراقتدار آئے ۔ راوت نے کہاکہ ادھوجی نے حالانکہ خود کبھی یہ نہیں کہا کہ وہ وزیراعلیٰ بننا چاہتے ہیںلیکن یہ ہماری خواہش ہے کہ آنے والے الیکشن میں وہ ہماری قیادت کریں ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی دلچسپ ہوگا کہ صرف دو روز قبل ادھو ٹھاکرے کے کزن اور ایم این ایس لیڈر راج ٹھاکرے نے بھی اعلان کیا تھا کہ وہ انتخابات لڑیں گے اور اگر اُن کی پارٹی نے واضح اکثریت حاصل کی تو وہ وزیراعلیٰ بھی بن سکتے ہیں۔ ٹھاکرے خاندان کے کسی بھی فرد نے اب تک انتخابات میں حصہ نہیں لیا ہے

۔ سنجے راوت نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اس موضوع پر اب تک بی جے پی سے کوئی بات نہیں ہوئی ہے یعنی وزارت اعلیٰ کے امیدوار یا نشستوں کی تقسیم پر کوئی بات نہیں ہوئی ہے لیکن ہمیں یقین ہے کہ اس موضوع پر کوئی تنازعہ نہیں ہوگا ، بی جے پی ہماری حلیف اور دوست ہے ۔ وزیراعلیٰ کے امیدوار اجیت پوار بھی تھے لیکن لوک سبھا انتخابات میں مہاراشٹرا کے عوام نے اجیت پوار کو منہ توڑ جواد یا ہے دوسری طرف راج ٹھاکرے بھی ہیں لیکن ہم یقین سے کہہ سکتے ہیں کہ ادھوجی کا مقابلہ کوئی بھی نہیں کرسکتا۔ جب اُن سے یہ پوچھا گیا کہ کیا مہاراشٹرا میں ٹھاکرے بمقابلہ ٹھاکرے دیکھنے میں آئے گا جس کا جواب نفی میں دیتے ہوئے راوت نے کہا کہ عوام تبدیلی چاہتے ہیں اور صرف ادھو ٹھاکرے ہی قیادت کے اہل ہیں۔ قبل ازیں شیوسینا کے ترجمان اخبار ’’سامنا‘‘ کے اداریئے میں بھی گوپی ناتھ منڈے پر جو مرکزی وزیر برائے دیہی ترقیات ہیں ، مہاراشٹرا کے وزیراعلیٰ بننے کا عزم رکھنے پر تنقید کی گئی تھی ۔ ریاستی بی جے پی صدر ویوینڈر فڈنویس نے کہا کہ بی جے پی نے منڈے کو تین ماہ کے لئے دہلی بطور قرض روانہ کیا ہے اور اس کے بعد وہ ( منڈے ) مہاراشٹرا حکومت کی باگ ڈور (وزیراعلیٰ) سنبھالیں گے ۔