ادونی ۔31اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ڈیوٹی ڈاکٹر اللہ بخش نے بتایا کہ ادونی یونانی دواخانہ اپنے نمایاں خدمات انجام دینے کے باوجود بھی کئی ایک مسائل سے دوچار ہے مختلف مسائل کی یکسوئی کیلئے بارہا اعلیٰ حکام کو لکھا گیا لیکن آج تک ایک بھی مسئلے کا حل نہیں ہو پایا ۔ انھوں نے بتایا کہ ادونی کے یونانی دواخانہ میں کم از کم 150 مریض روزانہ علاج کیلئے آتے ہیں ۔ دوخانہ میں جملہ 8 عملہ ہے لیکن سرکار ی ہاسپٹل سپرنٹنڈنٹ نے یونانی ہاسپٹل کیلئے صرف دو ہی کمرے دے رکھے ہیں۔ جس کی وجہہ سے نہ کہ ڈاکٹر کو بلکہ پیرامیڈیکل عملے کے ساتھ ساتھ مریضوں کو بھی کافی دشوریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ ہاسپٹل میں بنیادی سہولتیں ، جیسے پنکھا ، بجلی وغیرہ کی بے حد کمی پائی جارہی ہے ۔ حکومت کی جانب سے یونانی ہاسپٹل کو 10 بستر والا ہاسپٹل قرار تو دیا ہے ۔ لیکن کمروں کی کمی کی وجہہ سے فی الحال دو بستروں پر ہی کام چلا یا جارہا ہے ۔ جس کی وجہہ سے مریضوں کو کافی پریشانی ہورہی ہے ۔ ہاسپٹل میں ڈاکٹر س 24 گھنٹے تعینات رہتے ہیں ۔ لیکن جگہ کی تنگی کی وجہہ سے ہاسپٹل کے عملے کو کافی دشواری ہورہی ہے ۔ ڈیوٹی ڈاکٹر نے بتایا کہ موجودہ بلاک میں دو کمرے خالی ہیں۔ لیکن انھیں نہیں دیا جارہا ہے اگر وہ دو کمرے مل جائیں تو بقیہ 8 بستروں کو بھی لگا کر کافی اچھی خدمات دی جاسکتی ہیں۔ اس موقع پر پیرامیڈیکل عملہ سید سعید پاشاہ قادری نے بھی حکومت سے مطالبہ کیا کہ مسائل کی یکسوئی کیلئے فوری کاروائی کی جائے تاکہ مریضوں کو اچھی خدمات فراہم کرسکے ۔