رکن پارلیمنٹ بٹارینو کا سے عہدیداروں کی لاپرواہی کے خلاف نمائندگی
ادونی ۔ /17 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)رکن پارلیمان بٹار ینوکا نے آج ادونی شہر کا دورہ کیا۔اس موقع پر انھوں نے قاضی شہر الطاف حسین صاحب کے مکان پر مسلمانوں کے قائدین سے ملاقات کی۔اور تمام لوگوں کو عید کی مبارکبادپیش کی۔رکن پارلیمان بٹار ینوکا نے بتایا کہ رمضان کا مہینہ کافی اچھا مہینہ ہے ۔ اس میں تمام مسلمان روزہ رکھتے ہیں۔ اور اللہ کی عبادت میںمشغول رہتے ہیں۔جو بہت اچھی بات ہے۔ انھوں نے تمام مسلمانوں کو عید کی مبارکباد پیش کی۔اس موقع پر مسلمانوں نے اپنے مسائل حل نہ ہونے پر کافی مایوسی کا اظہار کیا۔قاضی الطاف حسین ، خالد نظامی، نائب صدر نشین بلدیہ الطاف حسین ، و دیگر لوگوں نے مسلمانوں کے مسائل کو لیکر بات چیت کی۔قائدین نے کہا کہ ادونی شہر میں کئی سالوں سے اردو میڈیم طلبہ کیلئے اردو کالج نہیں ہے۔ اور شادی خانہ، لڑکے اور لڑکیوں کیلئے ہاسٹلس کی تعمیر ، اردو لائبریری ، کے علاوہ کئی تعمیراتی کاموں کیلئے حکومت کی جانب سے فنڈس منظور ہوچکا ہے۔ مگر ادونی شہر کے قائدین، عہدیدران مسلمانوں کا کام کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتے ۔افسران کوئی نہ کوئی بہانہ بتاکر کام کو ٹال دیتے ہیں۔ اور قائدین ان کاموں کو انجام دینے میں اپنی دلچسپی ظاہر نہیں کرتے ۔شہریان ادونی کے مسلمان شادی خانہ، ہاسٹلس ، کالج وغیرہ کے کاموں کی تکمیل کیلئے قائدین ، کلکٹر اور افسران چکر کاٹ کر تھک چکے ہیں۔مگر کوئی حل نظر نہیں آتا۔لہذا ایم پی بٹارینوکا سے انھوں نے درخواست کی ہے کہ وہ ان تمام کاموں کو تکمیل تک پہنچانے کیلئے وزیر اعلیٰ سے ملاقات کریں اور اپنے بل بوطے پر ادونی شہر کے تمام کاموں کو تکمیل تک پہنچائیں۔بعد ازاں بٹا رینوکا نے تمام کاموں کی تکمیل کو جلد مکمل کرنے کا تیقن دیا۔اس موقع پر خالد محی الدین نظامی، ناظم جماعت نظامیہ ادونی، سوداگر یٰسین باشاہ صاحب، سید نبی پیر صاحب، تلگو دیشم قائد فخر الدین صاحب ، نائب صدر نشین بلدیہ الطاف حسین، خواجہ حسین صاحب،کے خالد نظامی،محمد شاکر ، صدام حسین،وغیرہ شریک رہے۔