ادونی ۔/26جولائی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ریاستی حکومت آندھرا پردیش کے متعین کردہ اسکول میں صد فیصد طلباء و طالبات کی حاضری اور صد فیصد خواندگی کے حصول کیلئے چلائے جارہے پروگرام اسکول بلاتی ہے چلو اسکول چلیں کا آج دوسرا دن انڈر پیٹ اردو گرلز ہائی اسکول ادونی میں زیر صدارت صدر مدرس ایم ولی باشاہ نظامی منعقد کیا گیا ۔اس کے تحت اسکولی طالبات اور اساتذہ کرام اور مقامی کونسلر اور دیگر اولیائے طلباء کے ساتھ ایک ریالی نکالی گئی جو محلہ گوکارجھنڈا ، سید پیٹ، خونی محلہ ، کوڑیال پیٹ اور حضرت دیوانے صاحب ؒ درگاہ سے ہوتے ہوئے ہاونہ پیٹ، اور باہر پیٹ سے گشت کرتے ہوئے اسکول پہنچا ۔ جس میں طالبات کی خاصی تعداد شریک رہی اس موقع پر بیٹی روٹی ، امی ابا کام کو ، منا منی اسکول کو ، بیٹی بڑھائو ، اور بیٹی پڑحائو جیسے نعرے لگائے گئے ۔صدر مدرس نے مقامی افراد سے گفت و شنید کرتے ہوئے حکومت کے اس پروگرام کو کامیاب بنانے کیلئے اپنا تعائون پیش کرنے کی گذارش کی۔ حکومت سالانہ دوجوڑے یونیفارم ، دوپہر کے کھانے کی اسکیم ، مفت درسی کتابیں ، اور تعلیمی وظیفہ دے رہی ہے ۔ ہمیں چاہئے کہ اپنے بچوں اور بچیوںکو سرکاری مدارس میں داخلہ دلواکر اردو زبان و ادب سے دوستی کا ثبوت دیں۔ اور اپنے بچوں کو اعلیٰ سے اعلیٰ تعلیم یافتہ بنائیں۔ بعض والدین وقتی فائدے کے تحت اپنے نونہالوں کو محنت مزدوری پر روانہ کررہے ہیں۔ جو ایک سنگین اخلاقی جرم ہے ۔ ہماری قوم کا مستقبل صرف اور صرف ہمارے نونہالوں کے تعلیم یافتہ ہونے پر منحصر ہے ۔ مقامی کونسلر گوہر بی صاحبہ نے طالبات کو زور دیا کہ وہ روزانہ پابندی کے ساتھ اسکول آئیں اور اپنے قابلیت کو بڑھائیں۔ انھوں نے اپنے بھر تعائون کا تیقن دیا۔ اس موقع پر سید عظمت پیر قادری ، رضوانہ بیگم ، اور شبا خانم وغیر ہ اساتذہ نے پروگرام میں حصہ لیا۔