ادونی۔/19فبروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)مرکزی حکومت کی جانب سے لوک سبھا میں علیحدہ ریاست تلنگانہ بل کی منظوری کے بعد علاقہ سیما آندھرا کی سیاسی پارٹیاں بالخصوص وائی ایس آر سی پی کا بند مکمل طور پر کامیاب رہا ۔ شہر میں بند کا اثر کافی گہرا پڑا۔ تجارتی کامپلکس ، سرکاری مدارس ، بنکس ، سرکاری دفاتر وغیرہ مکمل طورپر بند رہے ۔ آر ٹی سی کی جانب سے بھی مکمل طور پر بند دیکھا گیا۔ کسی بھی طرح کی حالت سے نمٹنے کیلئے پولیس کا کڑا انتظا م کیا گیا تھا۔ علیحدہ ریاست تلنگانہ بل کی منظوری کے ساتھ ہی عوام میں خود بخود بازار بند کرکے بل کی مخالفت کی ۔ اس موقع پر تمام سیاسی پارٹیوں کی جانب سے ریالیس کا اہتمام کرتے ہوئے وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ ، یوپی اے چیر پرسن سونیا گاندھی ، سشیل کمار شنڈے ، کے علاوہ کے سی آر کے علامتی پتلے نذر آتش کئے۔ بعض مقامات پر ان قائدین کے تصاویر کو چپلوں کے ہار پہنائے گئے۔ بعد ازاں سیاسی قائدین نے بتایا کہ بل کی منظوری غیر جمہوری انداز میں کی گئی ہے یہ سراسر غلط طریقہ ہے ۔ جب سے ہندوستان آزاد ہوا ہے آج تک اس طرح سے دنیا بھر کی سب سے بڑ ی جمہوریت والا ملک ہندوستا ن میں آج شرمسار ہونا پڑا ہے ۔ قائدین نے کہا کہ علیحدہ ریاست تلنگانہ بل کوئی معمولی بل نہیں تھا کہ اس بل کو منہ زبانی رائے دہی کرائی جائے۔ اور جب علیحدہ ریاست تلنگانہ کا اعلان کرنا ہی تھا تو ۔ علاقہ سیما آندھرا عوام کے ساتھ کیوں انصاف نہیں کیا گیا ۔ ٹی ڈی پی کے قائد گوپال ریڈی نے بتایا کہ کانگریس جب سے اقتدار میں ہے ، جمہوریت کی دھجیاں اُڑا رہی ہے۔ علیحدہ ریاست تلنگانہ کا فیصلہ بالکل نا قابل قبول ہے ۔ کیونکہ اس بل میں سیما آندھرا کے علاقے کیلئے کیابجٹ دیا جانے والا ہے اور اس علاقہ کا کیا صدر مقام ہوگا یہ بھی طئے نہیں کیا گیا۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ اس نا انصافی کے خلاف علاقے کے بہت سارے دانشور سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکٹانے والے ہیں ۔ یوپی اے سرکار سے تو نہیں بلکہ ہم کو ہمارے علاقے کو سپریم کورٹ سے ضرور انصاف ملے گا۔
رائچور میں زیورات کی چوری
رائچور۔/19فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) اطلاعات کے بموجب شہر کے پورنیما تھیٹر کے قریب واقع ایک مکان کی پہلی منزل کی قفل شکنی کرکے چوروں نے 8لاکھ روپیوں کے طلائی و چاندی کے زیورات چرا لئے۔ جگن ناتھ جو اسٹیٹ بینک آف حیدرآباد کی علاقائی برانچ کے منیجر ہیں وہ اپنے افراد خاندان کے ساتھ بنگلور گئے ہوئے تھے جب یہ واردات ہوئی۔ سپرنٹنڈنٹ پولیس ایم این ناگراج نے مقام واردات کا معائنہ کیا۔