ادلب میں شامی حکومت کے طیاروں کی بمباری ، 18 شہری جاں بحق

طرابلس ۔ 28 مئی (سیاست ڈاٹ کام) شام میں انسانی حقوق کے نگراں گروپ المرصد کے مطابق پیر کے روز ادلب صوبے میں شامی حکومت کے طیاروں کے حملوں میں 6 بچوں سمیت کم از کم 18 شہری جاں بحق ہو گئے۔المرصد کے ڈائریکٹر رامی عبدالرحمن نے بتایا ہے کہ مجموعی ہلاکتوں میں 10 ادلب کے جنوبی شہر اریحا میں واقع ہوئیں، ان میں 4 بچے شامل ہیں۔المرصد کے مطابق اتوار کے روز بھی ان ہی علاقوں میں شامی حکومت کے فوجی طیاروں کی بمباری میں 12 شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔اریحا میں بم باری کے بعد سفید ہیلمٹ والے امدادی کارکنان نے حملے میں منہدم ہونے والے ایک مکان کے ملبے کے نیچے سے ایک بچے کو زندہ نکال لیا۔المرصد کے مطابق اپریل کے اواخر سے اس علاقے میں شروع ہونے والی تشدد کی لہر میں اب تک 250 شہری جاں بحق ہو چکے ہیں جن میں تقریبا 50 بچے شامل ہیں۔ادلب صوبے کے بڑے حصے پر ہیئی تحریر الشام تنظیم کا کنٹرول ہے جب کہ اپوزیشن کے دیگر گروپ بھی صوبے میں سرگرم ہیں۔