نئی دہلی ۔ 9 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) الیکشن کمیشن نے آج بی جے پی رکن پارلیمنٹ یوگی ادتیہ ناتھ کو انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نوٹس وجہ نمائی جاری کی ہے۔ انہوں نے نوئیڈا میں اسمبلی ضمنی انتخابات کے لئے مہم کے دوران مبینہ طور پر اشتعال انگیز ریمارکس کئے تھے۔ ادتیہ ناتھ کے ان تبصروں پر کارروائی کرتے ہوئے الیکشن کمیشن نے یہ رائے دی کہ بادی النظر میں انہوں نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی ہے۔ کمیشن نے انہیں کل شام تک جواب دینے کی ہدایت دی۔ کمیشن کے مطابق ادتیہ ناتھ نے کہا کہ مراد آباد میں مندروں سے مائیک نکال دیئے گئے لیکن مسجدوں میں اسے رکھنے کی اجازت دی گئی اور جب احتجاج کیا گیا تو انہیں جیل بھیج دیا گیا۔