اداکارہ سمنتا ہینڈلومس کی برانڈ ایمبسیڈر

حیدرآباد ۔ یکم ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : حکومت تلنگانہ نے تلگو فلمی اداکارہ سمنتا کو ہینڈلوم کا برانڈ ایمبسیڈر نامزد کیا ہے ۔ ریاستی وزیر آئی ٹی و ہینڈلوم کے ٹی آر نے بیگم پیٹ میٹرو ریل بھون میں منعقدہ ایک پروگرام میں ملاقات کی اور سمنتا کو ہینڈلوم کا برانڈ ایمبسیڈر نامزد کرنے کا اعلان کیا ۔ سمنتا نے ریاستی وزیر کے ٹی آر کی جانب سے ہینڈلوم کو دئیے جانے والے فروغ کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ہینڈلوم کے ملبوسات بہت زیادہ پسند ہیں ۔ بافندوں کی ترقی کے لیے سمنتا نے کئی اسکیمات پر غور کیا ہے اور اپنی تجاویز بھی پیش کی ہے ۔ سرسلہ کے پاور لوم ، پر بھی تبادلہ خیال کرتے ہوئے ہینڈلوم کی بِڑے پیمانے پر مارکیٹنگ کے لیے ڈیجیٹل پرنٹنگ ٹیکسٹائلز سے استفادہ کرنے کا مشورہ دیا اور ہینڈلوم کی تشہیر کے لیے بہت جلد اپنے پروگرامس کی تفصیلات پیش کرنے کا تیقن دیا ۔ ضلع کریم نگر کے بافندوں سے اپنے لیے حاصل کردہ ہینڈلوم کپڑوں کو اس موقع پر سمنتا نے اپنے ساتھ لایا تھا ۔ ہینڈلوم کی مارکیٹنگ کے لیے مشہور ڈیزائنرس کے ساتھ مل کر کام کا بھی فیصلہ کیا گیا ۔ اس موقع پر پرنسپل سکریٹری صنعت جیش رنجن ، میٹکو ڈائرکٹر شلیجہ رامیا کے علاوہ دوسرے عہدیدار موجود تھے ۔۔