کورٹلہ ۔ 21 جنوری ۔( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جناب شیخ چاند ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ ہائی اسکول کورٹلہ کی صدارت میں بتاریخ 20جنوری بروز پیر گورنمنٹ ہائی اسکول کورٹلہ میں جلسۂ تقسیم سیاست کوئسچن بینک ایس ایس سی اردو میڈیم منعقد ہوا ۔ جناب محمد عبدالواحد پرنسپل گورنمنٹ جونیر کالج بوائیز کورٹلہ ، جناب محمد مبین پاشاہ صدر ٹی آر ایس پارٹی کورٹلہ ، جناب محمد عبدالرحیم ، جناب محمد عبدالحفیظ الدین فردوس ، جناب ظہیرالدین نے شرکت کی ۔ جناب محمد عبدالواحد پرنسپل گورنمنٹ جونیر کالج کورٹلہ نے اپنی تقریر میں کہا کہ گورنمنٹ ہائی اسکول کورٹلہ کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ یہاں کے جن طلباء و طالبات نے تعلیم حاصل کی ہے وہ آج بڑے بڑے عہدوں پر فائز ہیں۔ انھوں نے ادارہ روزنامہ سیاست کے ملی و سماجی خدمات کی کافی سراہنا کی اور کہاکہ روزنامہ سیاست ملت کی فلاح و بہبود کے سلسلے میں کئی ایک اقدامات کررہا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ نہ صرف تعلیمی میدان میں ادارہ روزنامہ سیاست طلباء و طالبات کی ہمت افزائی کررہا ہے بلکہ جب کبھی ملک کے کسی ریاست میں فرقہ وارانہ فسادات پھوٹ پڑتے ہیں۔ فسادات سے متاثرہ افراد کی مدد میں ہمیشہ آگے رہا ۔
انھوں نے طلباء و طالبات سے ایس ایس سی کوئسچن بنک کے طورپر طلباء و طالبات کو جو مٹیریل فراہم کیا جارہا ہے اس (کوئسچن بینک ) سے مستفید ہوتے ہوئے اعلیٰ نشانات سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے ماں باپ ، اساتذہ اور اپنے وطن کا نام روشن کرنے کو کہا ۔ انھوں نے اس موقع پر جناب محمد عبدالسلیم فاروقی نامہ نگار سیاست کی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ موصوف 1989ء سے خاموشی کے ساتھ اردو کی خدمات انجام دیتے آرہے ہیں ۔ جناب محمد مبین پاشاہ ایڈوکیٹ و صدر ٹی آر ایس پارٹی کورٹلہ ٹاؤن نے اپنی تقریر میں کہا کہ آج کاد ور مسابقتی دور ہے ۔ آج کے دور میں وہی طالب علم اعلیٰ تعلیم میں داخلہ لے سکتا ہے جو امتیازی نشانات سے کامیابی حاصل کرتا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ اپنی محنت و جستجو سے کئی مسلم طلباء و طالبات اعلیٰ عہدوں پر فائز ہوکر اپنے ماں باپ ، اساتذہ اور وطن کا نام روشن کررہے ہیں ۔ انھوں نے اردو میڈیم طلباء و طالبات سے محنت و لگن کے ساتھ تعلیم حاصل کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ سطح پر ٹاپر آنے کی خواہش کی ۔ جناب محمد عبدالسلیم فاروقی نامہ نگار سیاست کورٹلہ نے بھی خطاب کیا اور طلبہ و طالبات کو محنت سے پڑھنے کی تلقین کی ۔