ادارہ سیاست کی تعلیمی خدمات سے استفادہ کا مشورہ

یلاریڈی 4 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) یلاریڈی گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول میں جماعت دسویں کے طلباء کیلئے روزنامہ سیاست کے زیر اہتمام شائع کردہ تعلیمی مواد ایس ایس سی کوئسچن بینک 2014 کی اجرائی کی تقریب زیر صدارت جناب محمد مجیب الدین صدر مدرس منعقد ہوئی ۔ اس موقع پر صدر مدرس نے اپنے خطاب میں کہا کہ ادارہ سیاست کی تعلیمی میدان میں بے لوث و بہترین خدمات ایک عرصہ دراز سے قابل تعریف ہیں ۔ ایڈیٹر جناب زاہد علی خان کی قیادت میں سیاست ایک اخبار ہی نہیں بلکہ مسلمانوں کے سنہرے مستقبل کا زینہ بھی ہے ۔ سیاست کے مفت تعلیمی مواد کی تقسیم نے طلباء کو امتحانات کی تیاری میں حتی المقدود رہنمائی کی ہے ۔ ادارہ سیاست کی بے لوث خدمات نا قابل فراموش ہیں ۔ جناب عابد علی خان مرحوم کا شروع کردہ ایک ادارہ اب ملک بھر میں اپنا الگ مقام بناچکا ہے خاص کر مسلم طلباء و طالبات کو ادارے سے مختلف شعبہ جات میں رہنمائی ہورہی ہے ۔

جناب محمد مجیب الدین صدر مدرس نے مزید مشورہ دیا کہ وہ روزنامہ کی اس خدمات سے بھر پور استفادہ کریں دور حاضر میں قوم و ملت کیلئے مفت گراں خدمات بہت مشکل سے میسر ہوتی ہیں جو سیاست ادارہ ایک عرصہ سے جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے جناب زاہد علی خان ایڈیٹر روزنامہ سیاست و عامر علی خان نیوز ایڈیٹر سے اظہار تشکر کیا ۔ نمائندہ سیاست محمد غوث علی خاموش نے کہا کہ طلباء محنت و جستجو کے ساتھ اعلی نشانات سے کامیابی حاصل کریں اور ادارہ سیاست کی اس رہنمائی سے مکمل فائدہ اٹھائیں ۔ اس موقع پر اساتذہ میں مسٹر انجنیلو ،مسٹر راکیش ،مسٹر وینکٹی ،معلمہ محترمہ نازنین محمدی ، محترمہ ساجدہ بیگم موجود تھیں ۔ یلاریڈی ایم ای او مسٹر اے وی ایم وینکٹیشم نے ادارہ سیاست سے اظہار تشکر کیا جو ہر سال یلاریڈی و ریاست بھر کے تمام اردو ،انگریزی میڈیم کے طلباء و طالبات میں مفت تعلیمی مواد تقسیم کرتا ہے ۔