ادارہ انیس الغرباء میں بے قاعدگیوں کا خاتمہ اور کارکردگی میں بہتری پر توجہ

سی ای او وقف بورڈ سے حکومت کی رپورٹ طلبی، محمد اسداللہ کا دورہ اور فائیلوں کا جائزہ
حیدرآباد۔/31اکٹوبر، ( سیاست نیوز) ادارہ انیس الغرباء میں بے قاعدگیوں کے خاتمہ اور کارکردگی بہتر بنانے پر حکومت نے توجہ مرکوزکی ہے۔ انیس الغرباء کی کارکردگی اور وہاں موجود طلباء و طالبات کیلئے سہولتوں کی کمی جیسی شکایات پر محکمہ اقلیتی بہبود نے چیف ایکزیکیٹو آفیسر وقف بورڈ محمد اسد اللہ سے رپورٹ طلب کی ہے۔ محمد اسد اللہ نے آج انیس الغرباء کا دورہ کیا اور تمام فائیلوں کا جائزہ لیتے ہوئے حقیقی صورتحال سے واقفیت حاصل کی۔ انہوں نے انیس الغرباء کے بینک اکاؤنٹس اور فکسڈ ڈپازٹ کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں۔ انہوں نے وہاں حسابات کا ریکارڈ رکھنے میں بعض بے قاعدگیوں اور تساہل کی نشاندہی کی۔دورہ کے موقع پر پتہ چلا کہ انیس الغرباء کے 26فکسڈ ڈپازٹ 9 مختلف بینکوں میں موجود ہیں جس کی جملہ رقم ایک کروڑ 57لاکھ ہے۔ اس کے علاوہ انیس الغرباء کے پاس 15 لاکھ 86ہزار روپئے بطور کیاش موجود ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس یتیم خانہ میں جملہ 60 لڑکے لڑکیاں ہیں جن میں 40 لڑکیاں اور 20لڑکے شامل ہیں۔ اس بات کی بھی شکایت ملی ہے کہ وہاں بعض ایسے بچوں کو داخلہ دیا گیا جو مستحق نہیں ہیں۔ چیف ایکزیکیٹو آفیسر انیس الغرباء سے متعلق تمام اُمور کی گہرائی سے جانچ کررہے ہیں جس میں فنڈز کے استعمال کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ اسٹاف کی کمی اور بعض بیرونی افراد کی مداخلت کی شکایات پر بھی چیف ایکزیکیٹو آفیسر نے سخت کارروائی کا انتباہ دیا۔ انہوں نے بتایا کہ انیس الغرباء میں بہتر سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ مستحق طلبہ کے داخلوں میں اضافہ کی مہم شروع کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ فنڈز کے بیجا استعمال میں ملوث پائے جانے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اکثر یہ دیکھا گیا ہے کہ اہل خیر حضرات چاول، کھانا اور دیگر ضروری اشیاء فراہم کرتے ہیں جن کا کوئی ریکارڈ نہیں رکھا جاتا اور ان کے استعمال کی تفصیلات بھی رجسٹر میں درج نہیں ہیں۔ طلبہ کئی بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔ محمد اسد اللہ نے کہا کہ چیف منسٹر نے ادارہ کے عقبی حصہ میں سرکاری اراضی حوالے کرنے کا تیقن دیا ہے جس پر انیس الغرباء کی نئی عمارت تعمیر کی جائے گی۔ یہ فائیل چیف منسٹر کی منظوری کیلئے روانہ کی گئی ہے۔ چیف ایکزیکیٹو آفیسر وقف بورڈ انیس الغرباء کی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی رپورٹ سکریٹری اقلیتی بہبود کو پیش کریں گے۔ حکومت کو مختلف گوشوں سے اطلاع ملی ہے کہ انیس الغرباء کے فکسڈ ڈپازٹ 4کروڑ سے زائد ہیں لیکن بعض افراد حقیقی اکاؤنٹس کو چھپارہے ہیں۔ حکومت نے مختلف بینکوں کے بجائے صرف ایک بینک میں اکاؤنٹ منتقل کرنے کی ہدایت دی ہے۔