نظام آباد:یکم / جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ادارہ ادب اسلامی ہند نظام آباد کے زیر اہتمام183واں ماہانہ طرحی و غیر طرحی مشاعرہ و تقریب تہنیت کا ابوللیث ہال مسجد رضا بیگ میں کامیاب انعقاد عمل میں آیا جس کی صدارت احمد عبدالعظیم مالک لمراگارڈن فنکشن ہال نے کی۔ بحیثیت مہمان شاعر انور احمد انور نرمل نامور کہنہ مشق مزاحیہ شاعر ،انجم برہانی (چچا پالموری محبوب نگر) کبیر احمد شکیل، شیخ احمد ضیاء ،اقبال شانہ ،معین الدین راہی بودھن نے شرکت کی۔ مشاعرے کا آغاز بطرح ’’ہوا جو تھا کسی اخبار میں چھپا ہی نہیں ‘‘ پر جن شعراء نے کلام پیش فرمایا۔ ان میں جلال اکبر، رحیم قمر، شعیب نظام آبادی، عبدالقیوم نقیب، ریاض تنہا، اشفاق اصفی ، شریف اطہر،ضامن علی حسرت، اقبال شانہ ، معین راہی ،ا نور احمد انور، شیخ احمد ضیاء ، کبیر احمد شکیل، چچاپالموری ،جمیل نظام آبادی نے کلام پیش کیا۔ طرحی دور کے اختتام کے ساتھ ہی تقریب تہنیت کا انعقاد عمل میں لایاگیا۔ سب سے پہلے علاقہ کے نامور مزاحیہ شاعر جناب اقبال شانہ کی تہنیت ان کے مزاحیہ مجموعہ کلام دیوار قہقہہ کی اشاعت پر جناب سید ریاض تنہا صدر ادارہ ادب اسلامی آندھراپردیش نے شال پوشی و گل پوشی کے ذریعہ پیش کی۔ انجم برہانی (چچا پالموری) کے مزاحیہ مجموعہ کلام ’’کھری کھری‘‘ کی اشاعت پر نائب صدر ادارہ ادب اسلامی آندھراپردیش جلال الدین اکبر نے شال وگلپوشی کے ذریعہ تہنیت پیش کی۔ نظام آباد کے قدیم وجدید شعراء کی درمیانی کڑی نامور شاعر و صحافی جناب جمیل نظام آبادی کی دیرینہ ادبی خدمات و عمرے کی سعادت حاصل کرنے پر صدر ادارہ نظام آباد رحیم قمر نے گلپوشی کی اور صدر نشست احمد عبدالعظیم نے شال اڑاکر تہنیت پیش کی۔ اس پُراثر تقریب کے اختتام کے ساتھ ہی ناظم مشاعرہ نے غیر طرحی دور کا آغاز فرمادیا۔ جس میں تمام شعراء نے اپنا کلام پیش کیاانشاء اللہ ادارہ کا آئندہ مشاعرہ ماہ اگست میں منعقد ہوگا جس کے لئے درج ذیل مصرعہ طرح دیاجارہاہے ’’دلیلوں میں تمہاری دم نہیں ہے ‘‘۔دم قوافیہ اور نہیں ہے ردیف ہوگا۔ بیرونی شعراء کرام اپنا مرسلہ کلام رحیم قمر صدر ادارہ ادب اسلامی ابوللیث ہال متصل مسجد رضا بیگ احمدی بازار503 001پر روآنہ فرمائیں۔ رات دیر گئے یہ حسین تقریب12-30بجے ناظم مشاعرہ کے شکریہ پر اختتام پذیر ہوئی۔