ادارۂ سیاست ،طب نبویؐ کی ادویات اور حجامہ کو فروغ دینے کوشاں

محبوب حسین جگر ہال میں حجامہ کیمپ ، مریضوں کا استفادہ ، ڈاکٹر سید غوث الدین کا خطاب
حیدرآباد۔ 31 اگست (سیاست نیوز) ادارۂ سیاست کی جانب سے منعقدہ حجامہ کیمپ برائے مرد حضرات اور خواتین کے کیمپ سے نہ صرف حیدرآباد بلکہ مہاراشٹرا، کرناٹک، تملناڈو کے مریض استفادہ کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار حکیم سید غوث الدین سابق مشیر یونانی حکومت آندھرا پردیش نے حجامہ کیمپ برائے مرد حضرات کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ادارۂ سیاست نہ صرف یونانی طریقہ علاج کو آگے بڑھانے کے لئے بلکہ طب نبویؐ کی دوائیں اور حجامہ طریقہ علاج کو فروغ دینے کیلئے کوشاں ہے اور گزشتہ آٹھ ماہ سے وہ مرد و خواتین کیلئے علیحدہ علیحدہ کیمپ منعقد کررہا ہے۔ حکیم سید غوث الدین نے جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست، جناب ظہیرالدین علی خاں مینیجنگ ایڈیٹر اور جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر کا شکریہ ادا کیا جن کی سرپرستی تعاون میں نہ صرف طبی سرگرمیاں بلکہ مسلمانوں کیلئے کئی پروگرام منعقد کررہے ہیں۔ حجامہ کیمپ برائے مرد حضرات میں مسرز محمد مبشرالدین خرم، محمد نعیم وجاہت نے مہمانوں کی حیثیت سے شرکت کی اور حجامہ کیمپ کے انعقاد پر ادارہ سیاست کا شکریہ ادا کیا جن کی سرپرستی میں ہر ماہ حجامہ کیمپ منعقد کیا جارہا ہے اور ادارۂ سیاست کی سرگرمیوں اور اخبار کو ’’بین الاقوامی اخبار‘‘ قرار دیا۔ ماہر حجامہ ڈاکٹر محمد عبدالمجیب کی نگرانی میں 300 سے زائد مرد حضرات نے استفادہ کیا اور 15 ماہر حجامہ ڈاکٹرس جن میں قابل ذکر ڈاکٹر منیر احمد ، ڈاکٹر ایم اے قدوس، ڈاکٹر محمد ارشد علی، ، ڈاکٹر طیب حسین، ڈاکٹر ایم اے صمد، ڈاکٹر محمد عدیل، ڈاکٹر محمد ماجد، ڈاکٹر ابراہیم، ڈاکٹر محمد نذیر، ڈاکٹر محمد مشتاق، ڈاکٹر عبدالسلیم کے علاوہ رجسٹریشن کیلئے جناب ایم اے واسع، جناب ایم اے رفیع نے کام کیا۔ جناب ایم این بیگ، جناب فہیم انصاری ، جناب خالد محی الدین اسد، جناب محمد ذیشان نے کیمپ کو کامیاب بنانے کیلئے اہم رول ادا کیا۔