قاہرہ ۔ 6 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) مصر کی ایک عدالت نے ممنوعہ اخوان المسلمون کے 23 ارکان کو 2013ء میں ایک میڈیا کامپلکس کے قریب تشدد برپا کرنے کی پاداش میں فی کس 10 سال کی سزائے قید سنائی ہے۔ علاوہ ازیں 35,000 امریکی ڈالرس کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔ تشدد کے دوران اخوان المسلمون کے ارکان نے سیکوریٹی فورسیس کے ساتھ جھڑپ کی اور پولیس افسران کو قتل کرنے کی کوشش کی تھی۔ سزاء سنائے جانے کے وقت 11 ملزمین عدالت میں ہی موجود تھے جبکہ مابقی ملزمین کی غیرحاضری میں ان کی سزائیں سنائی گئیں۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہیکہ 2013ء میں اسلام پسند صدر محمد مرسی کو معزول کئے جانے کے بعد مصری حکومت اخوان المسلمون اور اس کے حامیوں کے خلاف کارروائی کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔