نئی دہلی 4 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) دادری میں محمد اخلاق کے قتل کے مقدمہ میں ایک ملزم کی عدالتی تحویل میں موت واقع ہوگئی ہے ۔ ملزم 20 سالہ رابن تقریبا ایک سال سے عدالتی تحویل میں تھا اور اسے دو دن قبل کسی درد کی شکایت پر دہلی میں ایک دواخانہ کو منتقل کیا گیا تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ آج اس کی موت واقع ہوگئی ۔ شبہ کیا جا رہا ہے کہ گردہ کے عراضہ اور تنفس کے عارضہ کی وجہ سے اس کی موت واقع ہوئی ہے ۔ تاہم رابن کے افراد خاندان نے شبہ ظاہر کیا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ جیل میں اسے مارپیٹ کی گئی اور اس کی موت کیلئے جیلر ذمہ دار ہے ۔ کہا گیا ہے کہ رابن کا کل پوسٹ مارٹم کیا جائیگا جس سے موت کی وجہ کا پتہ چلایا جائیگا ۔ چونکہ رابن عدالتی تحویل میں تھا اس لئے اس کی موت کی عدالتی تحقیقات بھی کی جائیگی ۔ رابن ان 18 ملزمین میں شامل تھا جو دادری میں اخلاق کو قتل کرنے کے مقدمہ میں گرفتار کئے گئے تھے ۔ تین ملزمین کو ضمانت پر رہا کیا گیا ہے ۔ محمد اخلاق کو گذشتہ سال ستمبر میں ایک ہجوم نے مارپیٹ کر ہلاک کردیا تھا ۔ اس کے پڑوسیوں کا ادعا تھا کہ اخلاق نے اپنے گھر میں گائے کا گوشت رکھا تھا ۔