اخترکا بیان تنقید نہیں شخصی حملہ : سرفراز

کراچی ۔30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے نسل پرستانہ جملوں پر پابندی کے بعد سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کی تنقید کو ذاتی حملے قرار دے ہے۔ سرفراز احمد نے جنوبی افریقہ کے خلاف ونڈے سیریز کے دوسرے میچ میں متوقع شکست کو دیکھتے ہوئے غصے کے عالم میں جنوبی افریقہ کے آل راؤنڈر ایندائل فلکوایو پر نسل پرستانہ جملے کہے تھے جس کو براہ راست سنا گیا تھا۔سرفراز احمد کو اس جملے پر سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا اور متعدد شائقین نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے مطالبہ کیا کہ وہ کپتان کے اس رویے پر ان کی سرزنش کرے، جبکہ کچھ لوگوں نے سرفراز پر پابندی لگانے کا بھی مطالبہ کیا۔ راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے مشہور شعیب اختر نے سرفراز احمد کے رویے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ان سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا تھا۔ بعدازاں ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شعیب اختر نے مزید کہا تھا کہ سرفراز احمد سستے میں چھوٹ گئے ہیں اور سرفراز کے لئے یہ اچھی خبر ہے کہ آئی سی سی کے قانون کو دیکھتے ہوئے ان پر کم میچز کی پابندی لگی ہے۔ جنوبی افریقہ سے وطن واپسی پر کراچی ایر پورٹ پر صحافیوں کے ایک سوال کا جواب دیتے سرفراز احمد نے کہا کہ شعیب اختر تنقید نہیں کر رہے بلکہ وہ ذاتیات پر حملے کر رہے ہیں۔