احمد پور مہاراشٹرا میں کل ہند مشاعرہ کا کا میاب انعقاد

احمد پور :23 جنوری(پریس نوٹ) احمد پور ضلع لاتور مہاراشٹرا میں 15جون بروز اتواربمقام نگر پریشد ہال پر رات 8بجے بصدارت عالیجناب محسن بایزید کل ہند مشاعرہ کا انعقاد عمل میں آیا ۔ مشاعرہ کاافتتاح مہاراشٹرا کے ہر دلعزیز رہنما بالاصاحب جادھو سابق وزیر حکومت مہاراشٹرا نے شمع روشن کرکے کیا۔ جبکہ مہمانان خصوصی کی حیثیت سے عالیجناب محب قادری شیوراج اپا چودھری نے شرکت کی۔ کنوینر مشاعرہ فیروز علی خان رکن اردو اکیڈیمی مہاراشٹرا اسٹیٹ نے تمام مہمانوںکا خیر مقدم کیا اور مقامی ،سیاسی، سماجی وادبی حضرات کی جانب سے تمام شعراء کی گلپوشی وشال پوشی کی گئی۔ اس موقع پر نظام آباد آندھرا پردیش کے نامور شاعر وممتاز ادیب ڈاکٹر ضامن علی حسرتؔ کو عثمانیہ یونیورسٹی کی جانب سے ڈاکٹرکی ڈگری ملنے پر محترم بالاصاحب جادھونے مہاراشٹرا اردو اکیڈیمی کی جانب سے شاندار تہنیت پیش کرتے ہوئے اپنی نیک تمناؤ ں کا اظہار کیا۔ بعدازاںممتاز مترنم شاعر اکبر تاجؔ کی نعت پاک سے مشاعرہ کا آغاز ہوا۔اس مشاعرہ میں مختلف ریاستوں کے نمائندہ شعراء مسرس حسام الدین شعلہؔ (پونا ) ، اکبر تاج ؔ(کھنڈوا) ، انور کاملؔ (بیڑ) ، ڈاکٹر ضامن علی حسرتؔ(نظام آباد آندھرا پردیش) ، ڈاکٹر معین امربمبوؔ (حیدرآباد) ، قمر ؔاعجاز(اورنگ آباد) ،عطا حیدرآبادی، عبدالغنی منصوری(کھنڈوا مدھیہ پردیش)، ناصر خطیبؔ( لاتور)، ممتاز پٹاخہؔ (ناندیڑ)، محی الدین مکرمؔ (ناندیڑ) ، سلیم چشتی بیدردؔ (پربھنی)،سید تنویر (لاتور)، ظہیر الدین جوشؔ (برہانپور مدھیہ پردیش)، فیروز رشید (ناندیڑ مہاراشٹرا) کے علاوہ دیگر شعراء حضرات نے اپنے کلام پر سامعین سے زبردست داد حاصل کی۔ مشاعرہ کی نظامت مہاراشٹرا کے خوش گلو شاعر ونامور ناظم مشاعرہ فیروز رشید نے نہایت ہی خوبصورت انداز میں کی۔