احمد شہزاد پر 4 ماہ کی پابندی

کراچی ۔8 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی پر اوپنر احمد شہزاد پر 4 ماہ کی پابندی عائد کردی ہے۔احمد شہزاد کا پاکستان کپ 2018 کے دوران ڈوپنگ ٹسٹ لیا گیا اور ان کے خون کے نمونوں میں ممنوعہ اشیا کی موجودگی کی تصدیق ہوئی تھی۔ابتدائی طور پر احمد شہزاد کے خون کے نمونوں میں ممنوعہ اشیا کی موجودگی کی پی سی بی کی جانب سے تصدیق نہیں کی گئی تھی اور نتائج کا ازسرنو جائزہ لینے کے لیے ہندوستانی لیبارٹری سے کروائے گئے ٹسٹ کے نتائج کو دوبارہ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی سے معائنہ کروایا گیا۔ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی نے بھی ہندوستان لیبارٹری کی رپورٹ کی تصدیق کی جس کے بعد پی سی بی نے احمد شہزاد کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا۔شہزاد نے تسلیم کیا کہ انہوں نے پی سی بی کے ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی کی تاہم اپنی کارکردگی میں اضافے یا دھوکا دینے کی غرض سے ایسا نہیں کیا۔اوپنر پر 4 ماہ کی پابندی لگائی گئی ہے اور اس کا اطلاق 10 جولائی سے ہو گا، جب پی سی بی نے انہیں عبوری طور پر معطل کیا تھا۔پابندی کے لحاظ سے احمد شہزاد 10نومبر تک پی سی بی کی جانب سے منظور شدہ کسی بھی طرز کی کرکٹ نہیں کھیل سکیں گے تاہم 11نومبر سے انہیں قائد اعظم ٹرافی سمیت تمام ایونٹس میں شرکت کی اجازت ہو گی۔