احمدشہزاد قیادت کی دوڑ میں شامل ہونے پر مسرور

لاہور۔ 2 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے نوجوان اوپنر احمد شہزاد ٹوئنٹی20 کے کپتان کے ممکنہ امیدواروں کی فہرست میں شامل ہونے پر پرجوش ہیں۔ احمد شہزاد نے کہا ہے مجھے ٹیم کی کپتانی کے لیے ممکنہ امیدواروں میں شامل کرنا فخر کا باعث ہے۔ احمد شہزاد کو شاہد آفریدی اور عمر گل کے ساتھ ٹوئنٹی 20 کے کپتان کے لیے ممکنہ امیدواروں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ملک کی نمائندگی کرنا اعزاز ہے اورجب ٹیم کی کپتانی مل جائے تو کسی بھی کھلاڑی کے خواب کی تکمیل ہوتی ہے۔

احمد شہزاد نے کہا کہ کپتانی کے فہرست میں شامل ہونے سے اپنے جذبات پر قابو کھونا نہیں چاہتا کیونکہ کسی بھی کپتان کے ساتھ کھیلتے ہوئے صد فیصد کار کردگی دکھانا میرا فرض ہے۔ نیز میری پہلی ترجیح پاکستان کی جیت کے لیے بہترین کارکردگی دکھانا ہے باقی چیزیں ثانوی حیثیت رکھتی ہیں۔ ورلڈ کپ میں ناقص کا ر کردگی کے بعد محمد حفیظ کے کپتانی سے مستعفی ہونے کے بعد پی سی بی کپتانی کے لئے مختلف کھلاڑیوں پر غور کر رہا ہے تاہم ابھی تک کسی کھلاڑی کو ٹوئنٹی20 میں پاکستان کی کپتانی کے لئے منتخب نہیںگیا۔