لاہور۔4 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) وزیرِاعظم عمران خان کی جانب سے نامزد کردہ امیدوار احسان مانی پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے نئے چیئرمین منتخب ہوگئے۔احسان مانی کو پی سی بی کے پیٹرن ان چیف وزیرِاعظم عمران خان نے چند روز قبل نامزد کیا تھا، تاہم ان کے مقابلے میں کسی بھی امیدوار نے کاغذات داخل نہیں کروائے اور وہ بلامقابلہ ہی چیئرمین منتخب ہوگئے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پی سی بی کی جانب سے پیغام جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ بورڈ آف گورنر نے اجلاس کے دوران احسان مانی کو بلامقابلہ نیا چیئرمین منتخب کرلیا۔ احسان مانی آئندہ تین برس کے لیے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے جبکہ انہوں نے اپنا عہدہ بھی سنبھال لیا۔ امکان ظاہر کیا جارہا تھا کہ وزیرِاعظم عمران خان پی سی بی میں تبدیلیاں کریں گے۔مذکورہ امکانات اس وقت واضح ہوتے نظر آئے جب پی سی بی کے مستعفی چیئرمین نجم سیٹھی نے اپنا عہدہ چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔وزیرِاعظم عمران خان نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے سابق صدر احسان مانی کو نیا چیئرمین پی سی بی نامزد کردیا تھا۔خیال رہے کہ احسان مانی پیشے کے اعتبار سے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ہیں اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی نمائندگی کرنے کے ساتھ وہ آئی سی سی کے صدر اور خزانچی بھی رہ چکے ہیں۔