ڈھاکہ ، 22 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے فاسٹ بولر راحت علی اور احسان عادل کے بعد سہیل خان بھی اَن فٹ ہو کر بنگلہ دیش میں جاری ٹور سے باہر ہو گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق بنگلہ دیش کے خلاف ابھی ونڈے سیریز مکمل نہیں ہوئی کہ احسان اور راحت کے بعد فاسٹ بولنگ کے تیسرے اہم ستون سہیل بھی اَن فٹ ہو کر سلیکشن کیلئے عدم دستیاب ہو گئے ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے فاسٹ بولر عمران خان جونیر کو اَن فٹ سہیل کی جگہ بنگلہ دیش کے خلاف ٹسٹ سیریز کیلئے اسکواڈ میں شامل کر لیا ہے۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ سہیل ٹسٹ سیریز تک فٹ نہیں ہو سکیں گے۔ 27 سالہ عمران خان گزشتہ سال آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف متحدہ عرب امارات میں تین ٹسٹ میچ کھیل چکے ہیں اور وہاں انھوں نے 7 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ وہ دورۂ سری لنکا کیلئے پاکستان اے ٹیم میں شامل تھے۔ تاہم انھیں اے ٹیم سے ہٹا کر سینئر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ۔
پی سی بی ڈومیسٹک ڈھانچہ کو
بہتر بنانے کوشاں
کراچی ، 22 اپریل (سیاست ڈاٹ کام)پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) اپنی ملحقہ علاقائی ٹیموں کو اسپانسرس کو فروخت کردینے کا ارادہ رکھتا ہے تاکہ اس کے ڈومیسٹک ڈھانچہ کو بہتر بنایا جاسکے اور ڈومیسٹک کھلاڑیوں کو بہتر ترغیبات دیئے جاسکیں۔ پی سی بی چیرمین شہریارخان نے کہا کہ حالیہ عرصہ میں پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں کے مظاہرے بڑی تشویش کا معاملہ ہے ۔ اس سے ظاہر ہوتا ہیکہ ہمیں ڈومیسٹک اسٹرکچر بہتر بنانا ہوگا ۔