احرارالشام کے سربراہ سمیت 40 افراد دھماکے میں ہلاک

دمشق ، 10 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) شام کے شمال مغربی صوبے ادلب میں ایک پُراسرار دھماکے کے نتیجے میں ایک بڑے باغی جنگجو گروپ کے سربراہ حسن عبود المعروف ابو عبداللہ الحماوی سمیت 40 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ برطانیہ میں قائم شامی آبزرویٹری برائے انسانی حقوق کی اطلاع کے مطابق بم دھماکے میں باغی گروپ احرارالشام کے متعدد لیڈر مارے گئے ہیں۔ شام کی سرکاری خبررساں ایجنسی سانا کی رپورٹ کے مطابق شمال مغربی صوبے ادلب کے قصبے رام حمدان میں احرارالشام کے سربراہ حسن عبود مارے گئے ہیں مگر اس نے یہ تفصیل نہیں بتائی ہے کہ حسن اور ان کے ساتھی کیسے مارے گئے ہیں۔ شامی حکومت کے مخالف کارکنان پرمشتمل ادلب نیوز نیٹ ورک کے مطابق حسن عبود احرارالشام کے دوسرے سرکردہ عہدے داروں کے ساتھ ایک اجلاس میں شریک تھے۔ کسی بھی گروپ نے اس حملہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی ۔اس دوران آج یو ٹیوب پر پیش کردہ ویڈیو میں احرار الشام نے اعلان کیا کہ ہاشم الشیخ المعروف ابو جابراس گروپ کے سربراہ کی حیثیت سے حسن عبود کی جگہ لیں گے جبکہ ابو صالح طحان کو ملٹری چیف نامزد کیا گیا ہے۔