احاطہ عدالت میں گواہوں کو جان سے ماردینے کی دھمکیاں

حیدرآباد /12 اگست ( سیاست نیوز ) نامپلی کریمنل کورٹ کامپلکس میں گواہوں کو دھمکانے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں اور گروہی تصادم کے واقعات عام بات بنتی جارہی ہے ۔ ایک ایسا ہی واقعہ کل کورٹ کامپلکس میں پیش آیا جہاں دوہرے قتل کیس کے چشمدید گواہ کو ایک ٹولی نے جان سے ماردینے کی دھمکی دی ۔ اور اس گواہ کی شکایت پر نامپلی پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ انسپکٹر نامپلی مسٹر مدھو موہن نے بتایا کہ راجندر نگر پولیس اسٹیشن سے وابستہ روڈی شیٹر مرتضی اور اس کے گروہ نے جو عدالت میں اپنی پیشی کیلئے آیا ہوا تھا ۔ اس پر الزام ہے کہ اس نے ایک دوہرے قتل کیس کے چشمدید گواہ عمران الدین عرف ببلو جو بہادرپورہ پولیس اسٹیشن کا روڈی شیٹر بتایا گیا ہے ۔ ان دونوں کا آمنا سامنا ہوگیا ۔مرتضی کے گروہ نے عمران کو جان سے مارنے کی دھمکی دی ۔ انسپکٹر نے بتایا کہ عمران کی شکایت پر مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے ۔