احاطہ عدالت میں کانسٹبل کا اقدام عصمت ریزی

نارائن پیٹ۔یکم فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) انصاف کی عمارت کے احاطے اور چوکھٹے میں قانون کا رکھوالا پولیس کانسٹبل نے عورت کی عزت و آبرو پر ڈاکہ زنی کی کوشش کی۔ تفصیلات کے بموجب اوٹکور کی ایک شادی شدہ خاتون جو اپنے شوہر سے طلاق کے لئے پیشی پر عدالت میں حاضر ہوئی تھی مگر اس کے شوہر کی غیر حاضری پر منصف نے پیشی کی تاریخ کو آگے بڑھایا۔ دوپہر کے وقفہ میں کھانے کے وقفہ کے دوران اوٹکور پولیس اسٹیشن سے وابستہ پولیس کانسٹبل راما انجینلو جو عدالت کی کارروائی کے سلسلہ میں نارائن پیٹ کی عدالت میں حاضر ہوا تھا، نے اس عورت کو تنہا پاکر پارکنگ علاقہ میں عزت پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔ عورت کی چیخ پکار پر وہ بھاگ گیا۔ بعد ازاں متاثرہ عورت نے اپنی بپتا اپنے وکیل کو سنائی۔ اس عورت نے منصف مجسٹریٹ مسٹر سائی کمار کو تحریری طور پر کانسٹبل کی جانب سے دست درازی کی شکایت کی۔ مسٹر سرینواس ریڈی ڈی ایس پی نارائن پیٹ نے بتایا کہ اس کانسٹبل کو دفتر پولیس سپرنٹنڈنٹ محبوب نگر کے حوالے کیا گیا ہے۔ انہوں نے تحقیقات عمل میں لاتے ہوئے سخت کارروائی کرنے کا تیقن دیا ہے۔

کم عمر بچوں کے امراض قلب کا
12تا17فبروری مفت علاج
کریم نگر۔یکم فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) 15سال تک کے عمر کے ایسے بچے جو کسی بھی قسم کے امراض قلب میں مبتلاء ہیں ان کا مفت آپریشن علاج کیا جائے گا۔ اس ماہ کی 12سے 17فبروری کے درمیان آپریشن کی تاریخ مقرر کی جائے گی۔ پریتما فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام اسوسی ایشن ہیلپنگ ہارٹ فاؤنڈیشن کے مشترکہ تعاون سے یہ پروگرام طئے پایا ہے۔ فوری رجسٹریشن کروالیں۔اس سہولت سے استفادہ کیلئے رجسٹریشن رابطہ کے لئے پریتیما انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس کریم نگر مسٹر راجہ شیکھر ریڈی کوآرڈینیٹر پریتما فاؤنڈیشن، موبائیل نمبر 9100033082 پر ربط پیدا کریں۔