اجمیر شریف کے قریب سڑک حادثہ ‘ شہر کے چار زائرین ہلاک

حیدرآباد 10 مئی (سیاست نیوز)شہر سے تعلق رکھنے والے چار زائرین اجمیر شریف کے قریب پیش آئے المناک سڑک حادثہ میں ہلاک ہوگئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ سید خان ‘سید شکیل ‘9سالہ حمیرہ اور 5 سالہ مصباح اس حادثہ میں ہلاک ہوگئے جبکہ دیگر 7 افراد زخمی ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ زائرین اجمیر شریف سے 60 کیلو میٹر دور سرواڑ شریف جہاں پر حضرت خواجہ معین الدین چشتی ؒ کے بڑے فرزند حضرت خواجہ فخر الدین چشتی ؒ کی درگاہ ہے پر حاضری کیلئے دو گاڑیوں میں جارہے تھے کہ نصیر آباد جنکشن کے قریب اچانک تیز رفتاری لاری نے انہیں ٹکر دید ی ۔ ذرائع نے بتایا کہ حادثہ میں مہلوک افراد کا تعلق تلنگانہ کانگریس کے اقلیتی قائد مسٹر شکیل خان سے ہے ۔ تلنگانہ پردیش کانگریس مائناریٹی ڈپارٹمنٹ کے چیر مین مسٹر سراج الدین نے درگاہ اجمیر کمیٹی کے ناظم مولانا اسرار اللہ سے رابطہ قائم کیا اور نعشوں کی منتقلی اور زخمیوں کو بہتر علاج فراہم کرنے کی اپیل کی ۔