’’صرف بولنگ ایکشن کلیئر کرنا اہم نہیں، نئے ایکشن کی اثرپذیری زیادہ اہم‘‘
لاہور ، 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے ہیڈ کوچ اور سلیکٹر محمد اکرم کا کہنا ہے کہ سعید اجمل کا بولنگ ایکشن کلیئر کرنے سے زیادہ اہم یہ ہے کہ وہ نئے ایکشن کے ساتھ کتنے مؤثر ثابت ہوتے ہیں۔ اگلے دو ہفتوں کے دوران اجمل کے بولنگ ایکشن کا باقاعدہ بائیو میکانک ٹسٹ کرایا جاسکتا ہے۔ یہاں قذافی اسٹیڈیم میں گفتگو کرتے ہو ئے محمد اکرم نے کہا کہ اجمل اپنا بولنگ ایکشن کلیئر کرانے اور ماضی جیسی مؤثر گیندبازی کرنے کیلئے بڑی محنت کر رہے ہیں ۔ انھوں نے ادعا کیا کہ اسٹار اسپنر کی کرکٹ ختم نہیں ہوئی ، ورلڈ کپ کے بعد بھی بہت کرکٹ ہے ،وہ یقینا ًایکشن میں دکھائی دیں گے۔ محمد اکرم نے بتایا کہ 21 کھلاڑیوں کا فٹنس لے لیا گیا ہے ، 10 کرکٹرز کاٹسٹ 13 اور 14 جنوری کو ہوگا۔ ویسے کھلاڑیوں کے فٹنس لیول میں بہتری آرہی ہے۔ محمد اکرم نے کہا کہ محمد حفیظ خاصے مثبت دکھائی دے رہے ہیں ، انہیں ورلڈ کپ میں بولنگ کرتے ہوئے دیکھیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مصباح الحق صحت یاب ہو رہے ہیں ،وہ یقینا ورلڈ کپ کھیلیں گے۔ عمر گل اور جنید خان نے بھی پنٹنگولر کپ کھیل کر اپنی فٹنس ثابت کر دی ہے۔