اجمل پر آئی سی سی کی پابندی عائد

دبئی ؍ کراچی ۔ 9 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) آئی سی سی نے مشتبہ بولنگ ایکشن کی پاداش میں پاکستانی آف اسپنر سعید اجمل پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اس فیصلے کا اطلاق فوری طور پر ہو گا۔ آئی سی سی نے یہ فیصلہ بائیو مکینک کے آزاد ماہرین کی رپورٹ کی روشنی میں کیا ہے اور کہا ہیکہ آزاد ماہرین کی رپورٹ کے مطابق سعید اجمل کا بولنگ ایکشن قوانین کی پابندی نہیں کرتا۔ آئی سی سی نے کہا ہیکہ بائیومکینک ماہرین کے مطابق سعید اجمل کی تمام گیندیں 15 ڈگری سے تجاوز کرتی ہیں جو کسی بھی بولر کے بولنگ ایکشن کی قانونی حد ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان گال میں کھیلے گئے پہلے ٹسٹ کے دوران امپائروں نے سعید اجمل کی بعض گیندوں کے قوانین کے برخلاف ہونے کے بارے میں رپورٹ کی تھی جس کے بعد قواعد و ضوابط کے تحت انھیں 21 دن کے اندر اپنے بولنگ ایکشن کی درستگی کے لئے آئی سی سی کی منظور شدہ کسی بھی بائیو مکنیک لیبارٹری سے رجوع کرنا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سعید اجمل کو ٹسٹ سیریز کے اختتام پر آسٹریلیا کے شہر بریسبین روانہ کیا تھا جہاں 25 اگست کو نیشنل کرکٹ سنٹر میں ہیومن موومنٹ کے ماہرین نے ان کے بولنگ ایکشن کا معائنہ کیا تھا۔ سعید اجمل اس ٹسٹ کے بعد سری لنکا واپس پہنچے تھے جہاں وہ آخری ونڈے کھیلے تھے۔ آئی سی سی کی جانب سے معطلی کے بعد سعیداجمل کو اپنے بولنگ ایکشن کی درستگی کے لئے دوبارہ آئی سی سی کے منظور شدہ ماہرین سے رجوع ہونا ہوگا جن کی رپورٹ تسلی بخش ہونے کے بعد ہی وہ بین الاقوامی کرکٹ کھیل سکیں گے۔36 سالہ سعید اجمل دوسری مرتبہ مشتبہ بولنگ ایکشن کی زد میں آئے ہیں۔ اس سے قبل 2009 میں بھی ان کے بولنگ ایکشن پر اعتراض ہوا تھا۔ ماضی میں سعید اجمل یہ موقف اختیار کرتے آئے ہیں کہ ایک سڑک حادثے کی وجہ سے ان کا بازو متاثر ہوا تھا جس کی وجہ سے آئی سی سی نے انھیں 15 ڈگری سے زیادہ کی چھوٹ دے رکھی ہے۔ سعید اجمل ٹسٹ کرکٹ میں 178 ونڈے مقابلوں میں 183 اور ٹوئنٹی 20 میں 85 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ وہ ٹوئنٹی 20 میں دنیا میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولر ہیں جبکہ اس وقت وہ آئی سی سی کی ونڈے درجہ بندی میں پہلے نمبر پر ہیں۔ واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں آئی سی سی مشتبہ بولنگ ایکشن کے معاملے میں انتہائی سخت موقف کے ساتھ سامنے آئی ہے اور سعید اجمل کے علاوہ ویسٹ انڈیز کے شلنگفورڈ، زمبابوے کے پراسپر اتسیا، نیوزی لینڈ کے ولیم سن اور بنگلہ دیش کے سہگ غازی کے بولنگ ایکشن پر بھی اعتراضات ہوچکے ہیں۔