کراچی۔19 ڈسمبر(سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی اسپنرز سعید اجمل اور محمد حفیظ کاچینائی میں بایو میکنیکس ٹسٹ ویزا مسائل کی وجہ سے مزید تاخیر کا شکار ہوگیا ہے۔بی سی سی آئی نے حکومت کی اجازت کے بغیر دونوں کھلاڑیوں کو ویزا دلوانے کے لئے کسی قسم کی مدد فراہم کرنے سے انکار کردیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین شہریار خان نے سعید اجمل اور محمد حفیظ کے ویزوں کے لئے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنر سے بھی مدد مانگی ہے۔پی سی بی کے باوثوق ذرائع کے بموجب پاکستان کرکٹ بورڈ دونوں آف اسپنرز کے ٹسٹ چینائی میں کراکر انہیں ورلڈ کپ سے پہلے تیار کروانا چاہتا ہے۔ پی سی بی سعید اجمل اور محمد حفیظ کے ساتھ ثقلین مشتاق اور ڈاکٹر سہیل سلیم کو ہندوستان بھیجنا چاہتا ہے۔دو ہفتے پہلے چاروں کے ویزوں کے لئے درخواست دی گئی تھی۔اس حوالے سے پی سی بی نے ہندوستانی بورڈ سے رابطہ کیا کہ وہ ویزے دلوانے میں مدد کرے۔لیکن پی سی بی نے پی سی بی کو جواب دیا کہ اس بارے میں ہمیں حکومت سے پوچھنا پڑے گا کہ دونوں ہندوستان میں بایو میکنکس ٹسٹ دے سکتے ہیں یا نہیں۔انہوں نے ویزوں کے سلسلے میں مدد فراہم کرنے سے انکار کردیا۔پی سی بی چیئر مین شہریا خان نے کہا کہ سعید اجمل کو کینیا کے خلاف دو میچ کھلارہے ہیں تاکہ ان کے بولنگ ایکشن کا پتہ چل سکے۔ لیکن اس کی کہنی میں خم اب بھی تین سے چار ڈگری زیادہ ہے۔امید ہے کہ محمد حفیظ اجازت حاصل کرلیں گے۔