اجتماعی عصمت ریزی کے ایک مجرم کو 10سال قید

حیدرآباد۔/25مارچ، ( سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں نربھئے ایکٹ کے تحت گرفتار ہونے والے پہلے ملزم کو میٹرو پولیٹن سیشن جج نے 10سال کی سزا قید بامشقت سنائی۔ تفصیلات کے بموجب 14ڈسمبر 2013تا 17ڈسمبر 2013 تالاب کٹہ بھوانی نگر سے تعلق رکھنے والی کم عمر لڑکی کو چار نوجوانوں کی ایک ٹولی نے اغوا کرکے فتح دروازہ میں ایک مکان میں محروس رکھ کر اس کی اجتماعی عصمت ریزی کی تھی۔ اس سلسلہ میں متاثرہ لڑکی کی ماں نے بھوانی نگر پولیس میں شکایت درج کروائی تھی جس پر پولیس نے نربھئے ایکٹ کی دفعہ 376 اور پوسکو ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔ اس کیس میں بھوانی نگر پولیس نے 21سالہ محمد سلمان جو آٹو ڈرائیور ہے اور تین کم عمر لڑکوں کو گرفتار کیا تھا اور اس کیس کی سماعت فرسٹ ایڈیشنل میٹرو پولیٹن سیشن جج مسٹر جی لکشمی پتی کے اجلاس پر ہوئی تھی۔ اس کیس میں جملہ 21 گواہوں کے بیانات قلمبند کئے گئے تھے اور آج جج نے سلمان کو عصمت ریزی کا مرتکب پائے جانے پر 10سال کی قید بامشقت سنائی اور ایک ہزار روپئے جرمانہ عائد کیا۔ اس کیس کے دیگر تین کم عمر ملزمین کا مقدمہ جونائیل جسٹس بورڈ میں زیر التواء ہے۔