اتھپا اور گمبھیر کی شاندار بیٹنگ ، کولکتہ 7 وکٹس سے کامیاب

پونے ۔ 26 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) رابن اتھپا اور کپتان گوتم گمبھیر کے ناٹ آوٹ نصف سنچریوں کی بدولت کولکتہ نائیٹ رائیڈرس نے آئی پی ایل کے میچ میں آج رائزنگ پونے کو 7 وکٹس سے ہرایا۔ اتھپا نے 47 گیندوں میں 87 اور گمبھیر نے 46 گیندوں میں 62 رنز بناتے ہوئے حریف بولرس کی جم کر پٹائی کی۔ اس کامیابی کے بعد دو مرتبہ کی چمپیئن کولکتہ نائیٹ رائیڈرس ٹیبل میں پہلے نمبر پر پہنچ گئی ہے۔ اب تک 8 میچس میں اس نے 6 میں کامیابی حاصل کی۔ ان دونوں نے دوسری وکٹ کی رفاقت میں صرف 85 گیندوں میں 158 رنز بنائے اور 183 رنز کا نشانہ اس وقت پورا کرلیا جبکہ مزید 11 گیندیں باقی تھے۔ اس سے پہلے اسٹیون اسمتھ نے 51 ناٹ آوٹ کے ذریعہ پونے کے 182/5 اسکور میں نمایاں رول ادا کیا۔ اجنکیا راہنے نے 41 گیندوں میں 46 ، راہول ترپاٹھی نے 23 گیندوں میں 38 اور دھونی نے 11 گیندوں میں 23 رنز بناتے ہوئے مسابقتی اسکور کھڑا کیا تھا۔