اتھپا اور روہت شرما کی سری لنکا سیریز میں واپسی

ممبئی ۔ 10 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ٹیم جس نے سری لنکا کے خلاف رواں ونڈے سیریز کے ابتدائی تینوں مقابلوں میں فتوحات حاصل کرتے ہوئے پہلے ہی سیریز اپنے نام کرلی ہے جیسا کہ گذشتہ روز حیدرآباد میں منعقدہ میچ میں بھی ہندوستانی ٹیم نے مطلوبہ نشانہ آسانی سے حاصل کرلیا تھا، اب سیریز کے ماباقی دو مقابلوں کیلئے ٹیم میں چند تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ 13 نومبر کو کولکتہ اور 16 نومبر کو رانچی میں منعقد شدنی سیریز کے ماباقی دو مقابلوں کیلئے انفام اوپنر شکھر دھون اور آل راونڈر جڈیجہ کو آرام دیا گیا ہے جبکہ وردھیمان ساہا کو ٹیم سے خارج کرتے ہوئے ان کے مقام پر رابن اتھپا کو وکٹ کیپر بیٹسمینکے طور پر شامل کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں روہت شرما کی بھی واپسی ہوئی ہے جوکہ دھون کے مقام پر اننگز کا آغاز کریں گے۔ اتھپا وکٹ کیپر ساہا کے مقام پر صرف دو مقابلوں کیلئے ٹیم میں شامل کئے گئے ہیں جبکہ دورہ آسٹریلیا کیلئے معلنہ 19 رکنی ٹیم میں وہ جگہ بنانے میں کامیاب نہیں ہو پائے ہیں۔ فاسٹ بولر ایشانت شرما جوکہ زخمی ہوچکے ہیں، وہ سری لنکا کے خلاف دو مقابلوں سے باہر ہوچکے ہیں اور اب ان کے مقام پر ونئے کمار کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ سری لنکا کے خلاف دو ونڈے مقابلوں کیلئے ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ ویراٹ کوہلی (کپتان)، اجنکیا راہنے، روہت شرما، امباٹی رائیڈو، سریش راعنا، رابن اتھپا، اکشرپٹیل، کرن شرما، روی چندرن اشون، اومیش یادو، دھون کلکرنی، اسٹورٹ بنی، ونئے کمار اور کیدر جئے دیو ۔