اتر پردیش کے انتخابات میں کانگریس عظیم اتحاد کے مستحکم کے لیے کیا رول ادا کرے گی ، اور کیا ہوگا پرینکا کا رول

لوک سبھا الیکشن کے لئے اترپردیش میں بننے والےعظیم اتحاد کے لئے اسٹیج تیارہوچکا ہے۔ سماجوادی پارٹی – بہوجن سماج پارٹی کا الیکشن کے لئے اتحاد ہوچکا ہے تاہم اس اتحاد میں پرینکا گاندھی کا بھی اہم رول ہوگا۔ عظیم اتحاد میں سماجوادی پارٹی – بہوجن سماج پارٹی جہاں سامنے آکربی جے پی کا مقابلہ کریں گی۔ وہیں کانگریس پردے کے پیچھے رہتے ہوئے اتحاد کا دھرم نبھائے گی۔

ذرائع کے مطابق ایس پی- بی ایس پی کی شرطوں کے مطابق کانگریس عظیم اتحاد میں کھل کرسامنے نہیں آئے گی۔ کانگریس کوسامنے لاکرایس پی- بی ایس پی دونوں بی جے پی کو حملہ آورہونے کا کوئی موقع نہیں دینا چاہتی ہیں۔ سابق وزیراعلیٰ اکھلیش یادو کےایک بے حد قریبی اورنیوزچینل پرہمیشہ سائے کی طرح رہنے والے سماجوادی پارٹی کےایک قدآور لیڈرکی مانیں توکانگریس کی طرف سےعظیم اتحاد کوعملی جامہ پرینکا گاندھی پہنائیں گی۔ وہیں ذرائع کا کہنا ہے کہ عظیم اتحاد کی بات چیت کےلئے پرینکا گاندھی کے سفیرسلمان خورشید ہوں گے۔

لوک سبھا الیکشن 2019 میں شکست سے بچنے کے لئے ایس پی – بی ایس پی نے سیٹوں کی تقسیم کا ایک خاص پلان تیارکیا ہے۔ ذرائع کی مانیں تویوپی میں کانگریس اپنےامیدواروہیں اتارے گی، جہاں اسے جیت کا پختہ یقین ہوگا۔ مطلب ایسےعلاقے جہاں کانگریس پہلے بھی جیت حاصل کرتی رہی ہے۔

وہیں ایس پی – بی ایس پی اتحاد کے سامنے کانگریس اپنا امیدواربی جے پی کے ایسےلیڈرکو بنائے گی، جس کا ٹکٹ بی جے پی نے کاٹ دیا ہواوروہ بی جے پی سے ناراض ہو۔ ایس پی – بی ایس پی نے یہ حکمت عملی بی جے پی کے ووٹوں کی تقسیم کے لئے تیارکیا ہے۔ دوسری طرف کہا جارہا ہے کہ اتحاد میں راشٹریہ لوک دل (آرایل ڈی) بھی شامل رہے گی۔ آرایل ڈی کو یوپی میں تین سے چارسیٹیں دی جاسکتی ہیں۔